Chitral Times

Oct 6, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

دادبیدداد ۔ دولت کی تقسیم ۔ ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی

Posted on
شیئر کریں:

دادبیدداد ۔ دولت کی تقسیم ۔ ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی

برازیل کے وزیرخزانہ فرنانڈو(Fernando)نے خبردار کیا ہے کہ دولت کی عالمی تقسیم نے دنیا کوماحولیاتی تباہی سے دوچار کیا ہے اگریہ سلسلہ اسی طرح آگے بڑھتا رہا تو دنیا کا مستقبل تاریک ہوجائے گا برازیل کے شہر ساوپاولو(Sao Paulo) میں گروپ 20(G-20)کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اعدادوشمار کی مدد سے طاقتور ملکوں کے نمائندوں کو بتایا کہ اس وقت دنیا کی آبادی کا ایک فیصد امیر طبقہ دنیا کے45فیصد ارضی،سمندری اور معدنی وسائل پرقابض ہے اور اپنے کارخانوں کے ذریعے دنیا کی دوتہائی غریب آبادی کے برابر کاربن فُٹ پرنٹ پیدا کررہا ہے انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ سیکٹر یعنی کاروباری طبقہ نے قومی حکومتوں سے کئی گنا زیادہ طاقت حاصل کرلی ہے اور اس شعبے نے ٹیکس سے بچنے کی نت نئے حربے تلاش کرلیا ہے انہوں نے اگرچہ نام نہیں لیا تاہم بین السطور میں آف شور کمپنی،خیراتی مالیات، فاونڈیشن،ٹرسٹ وغیرہ کی طرف اشارہ کیا۔برازیل کے وزیرخزانہ نے کہا کہ امیروں پرٹیکس لگانے میں برازیل تمام ملکوں سے آگے ہے

 

برازیل اس سال جی20-کی سربراہی کررہا ہے یہ جنوبی امریکہ کاملک ہے رقبے کے لحاظ سے دنیا میں پانچویں نمبر پہ ہے جبکہ آبادی کے لحاظ سے اس کا ساتواں نمبرہے،رقبے میں روس،کینیڈا،چین اورامریکہ کے بعد برازیل کانمبرآتاہے جبکہ آبادی کے لحاظ سے چین،بھارت،امریکہ،انڈونیشیا،پاکستان اور نائیجریا برازیل سے آگے ہیں اس وقت گروپ20میں برازیل انیسواں ملک ہے بیسویں نمبر پہ یورپی یونین کانام آتا ہے جبکہ افریقی یونین کواکیسویں نمبرپہ رکھا گیاہے شاید اگلے دوبرسوں میں گروپ کانام بھی جی21-یاجی22ہوجائے گا عالمی سیاست اور سفارت کاری میں برازیل کو بڑی اہمیت حاصل ہے اگرسلامتی کونسل کے مستقل ممبروں کی تعداد میں اضافہ کی10سال پرانی تجویزمان لی گئی توبھارت اور جرمنی سے آگے برازیل کانام آئیگا اس وجہ سے بھارت نے لابنگ چھوڑدی ہے،جرمنی نے بھی اپنی لابنگ ڈھیلی رکھی ہوئی ہے۔

 

اس وقت دنیابھر میں ماحولیات کوبچانے کی جوتحریک چل رہی ہے اس کا آغاز 1972میں برازیل کے شہر ریوڈی جنیرو(Rio-D-Genero)سے ہوا تھا 1982میں اسی شہرمیں ارتھ سمٹ منعقد ہوا اب تک عالمی ماحولیاتی اداروں اورتنظیموں کے جو اجلاس منعقد ہوتے ہیں ان کوریوپَلس(Rio+)کانام دیاجاتاہے۔ساوپاؤلو میں جی20-کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے سربراہوں کے اجلاس کے موقع پردنیامیں دولت کی تقسیم کے حوالے سے جومعلومات ذرائع ابلاغ کوجاری کئے گئے ان میں کہاگیا ہے کہ گذشتہ نصف صدی کے اندر دنیا کے چند بڑے خاندانوں میں دولت کے ارتکاز کی شرح ایک فیصد سے بڑھ کر 45فیصد تک پہنچ گئی جبکہ مختلف حیلوں اور بہانوں سے ٹیکس بچانے کے حربوں کی وجہ سے ان کی آمدن پرلگنے والے ٹیکس میں ایک تہائی کمی آگئی ہے اعدادوشمار کی رو سے بتایا گیا ہے کہ گذشتہ نصف صدی کے اندر جی20-کے ایک فیصد طبقے کی آمدنی 18ٹریلین ڈالر ہوچکی ہے

 

دنیا بھرمیں دولت کی غیرمنصفانہ تقسیم اور چند خاندانوں میں دولت کے ارتکاز کی وجہ سے معاشرتی،سیاسی اور سفارتی ناانصافیوں کے کئی دروازے کھل رہے ہیں اکسفام نامی بین القوامی تنظیم کی حالیہ رپورٹ کے مطابق دنیا کی7ارب آبادی میں 7کروڑ افراد 6لاکھ ڈالر کی کار،3کروڑ ڈالرکے جزیرے اور 2ارب ڈالر مالیت کے جہاز خریدتے ہیں جبکہ دنیامیں 4ارب 20کروڑ کی آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گذارنے پرمجبور ہے ان کے پاس دووقت کی روٹی خریدنے کی صلاحیت نہیں ہے دولت کے ارتکاز کی وجہ سے درمیانی طبقہ سکڑکرمحض2ارب70کروڑ رہ گیا ہے،نصف صدی قبل کے اعداد وشمار موجودہ اعداد وشمار کے برعکس تھے جب درمیانی طبقہ کی آبادی غریب طبقے سے دگنی تھی اور یہ عالمی سطح پرخوشحالی کی نشانی سمجھی جاتی تھی،ساؤ پاولو کے اندر جی20-کے نمائندوں کی بیٹھک میں میزبان ملک برازیل کے وزیرخزانہ کا انتباہ دنیا میں نئے مالیاتی نظام کے قیام کا پیش خیمہ ہوسکتا ہے اس کا اثراقوام متحدہ کے ممبر ملکوں اور قومی حکومتوں کی مالیاتی پالیسوں پر بھی پڑسکتا ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, مضامینTagged
87591