Chitral Times

Dec 11, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

 خیبر گرلز میڈیکل کالج کی ٹاپ تھری گولڈ میڈلسٹ طالبات میں گورنرغلام علی کے ہاتھوں نقد انعامات تقسیم 

Posted on
شیئر کریں:

 خیبر گرلز میڈیکل کالج کی ٹاپ تھری گولڈ میڈلسٹ طالبات میں گورنرغلام علی کے ہاتھوں نقد انعامات تقسیم

تقریب میں فاٹا کی 10طالبات اور کے جی ایم سی کے کلاس فورملازمین کو بھی نقد مالی امداددی

خیبر میڈیکل کالج کی تینوں ٹاپ گولڈمیڈلسٹ طالبات کو گورنر ہاؤس بلانا اور نقد انعامات سے نوازنا انکی عمدہ تعلیمی کارکردگی کا اعتراف ہے، گورنر حاجی غلام علی

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی کی جانب سے خیبرگرلز میڈیکل کالج کی ٹاپ تھری گولڈمیڈلسٹ طالبات کے اعزاز میں جمعہ کے روزگورنر ہاؤس پشاور میں نقدانعامات دینے کی خصوصی تقریب کاانعقاد کیا گیا۔ تقریب میں میئر پشاور حاجی زبیرعلی، خیبر گرلز میڈیکل کالج کی وائس ڈین پروفیسر ڈاکٹر عامر محمد، ٹاپ تھری گولڈ میڈلسٹ طالبات تسنیم زہرا، ماہ نوش صالح،عائشہ اقبال، ان کے والدین اور دیگر فیکلٹی اراکین نے شرکت کی۔اس موقع پر گورنر نے خیبر گرلز میڈیکل کالج کی ٹاپ تھری گولڈ میڈلسٹ طالبات دیر بالا کے پسماندہ علاقے سے تعلق رکھنے والے خطیب کی بیٹی تسنیم زہراجس نے تعلیمی سیشن 2017-18 میں 21، ماہ نوش صالح نے تعلیمی سیشن 2018-19 میں 17 اور عائشہ اقبال نے تعلیمی سیشن 2019-20 میں 13 گولڈمیڈلز حاصل کئے تھے اُن میں اپنی جانب سے نقد انعامات تقسیم کئے۔طالبات و انکے والدین نے گورنر حاجی غلام علی کا نقد انعامات سے نوازنے اور حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پہلی مرتبہ صوبے کے گورنر/چانسلر کی جانب سے گورنرہاوس میں مدعوکرکے نقدانعام سے نہ صرف طالبات کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے بلکہ ان کی تعلیمی عمدہ کارکردگی کوبھی سراہا گیا ہے جس پر گورنر حاجی غلام علی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

 

تقریب میں فاٹا سے تعلق رکھنے والے 10 طالبات کوبھی بطور مالی تعلیمی امداد نقد رقم دی گئی۔ جن میں ضم ضلع مہمند سے 4 طالبات، جنوبی وزیرستان سے 2، شمالی وزیرستان،خیبر،باجوڑ اور ایف آر پشاور سے 1،1 طالبہ شامل تھیں۔اس کے علاوہ خیبرگرلز میڈیکل کالج کے 40 کلاس فورملازمین کوبھی مالی امداددی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ چند روز قبل خیبر گرلزمیڈیکل کالج کے کانووکیشن میں طالبات کو ڈگریاں اور گولڈمیڈلز تقسیم کرتے ہوئے مذکورہ تینوں طالبات کی عمدہ تعلیمی کارکردگی سامنے آئی تو اسی وقت تینوں طالبات کو گورنرہاوس مدعو کرکے نقدانعامات سے نوازنے کا فیصلہ کیا۔ آج خیبر میڈیکل کالج کی تینوں ٹاپ گولڈمیڈلسٹ طالبات کو گورنر ہاؤس بلانا اور نقد انعامات سے نوازنا یہ انکی عمدہ تعلیمی کارکردگی کا اعتراف ہے،تسنیم زہرا، ماہ نوش صالح اور عائشہ اقبال نے ایک ہی تعلیمی سیشن کے دوران بھاری تعداد میں گولڈ میڈلز حاصل کر کے والدین و اساتذہ کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔

 

گورنرنے کہاکہ تینوں طالبات و انکے والدین، فیکلٹی اراکین کو آج گورنر ہاؤس بلا کر عمدہ تعلیمی کامیابی پر سراہا ہے اور توقع ظاہر کی کہ ان تینوں گولڈمیڈلسٹ طالبات سمیت تمام فارغ التحصیل ہونیوالے گریجویٹس ڈاکٹر اپنی عملی زندگی میں بھی بھرپور محنت اور کوشش جاری رکھیں گے اور دکھی انسانیت کی خدمت کو عبادت سمجھ کر کریں گے اور اپنے اور اپنے والدین کا نام روشن کریں گے۔گورنرنے کہاکہ انہوں نے کہا کہ میڈیکل کی تعلیم مکمل کرنیوالی طالبات بھی اپنی تعلیم کو ضائع نہ ہونے دیں،نوجوان ڈاکٹرز کے لئے چیلنج ہے کہ بیماریوں کے خاتمے کیلئے ریسرچ کرکے حکومت و ریاست کی مدد کریں اور ایک ویژن کے ساتھ نکل کر جدید ریسرچ اور ٹیکنالوجی سے ملک کو بیماریوں کے خاتمے کے لئے آگے بڑھیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے صوبہ کی بچیاں میڈیکل کی تعلیم سمیت تمام شعبوں میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں اور میڈیکل کالجز سمیت دیگر اعلی تعلیمی اداروں میں بھی لڑکیوں کی تعداد لڑکوں سے زیادہ ہے جوکہ انتہائی حوصلہ افزاء ہے۔انہوں نے کہاکہ میری خواہش ہے کہ تعلیمی اداروں میں زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
86330