خیبر پختونخوا میں غیرمعیاری اشیاء خوردنوش کی فراہمی کی شکایت کیلئے ٹال فری نمبرکا اجرا
خیبر پختونخواعوام غیر معیاری خوراک کے بارے میں ٹال فری نمبر0800-37432 پر شکایات جبکہ 0345-1009348
پر ویڈیو یا تصاویر بھیج سکتے ہیں۔
عوام کو معیاری اشیاء خوردنوش کی فراہمی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، وزیر خوراک عاطف خان
پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک اور سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی عاطف خان نے کہا کہ عوام کو معیاری اشیاء خوردونوش کی فراہمی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا عوام کے صحت سے کھیلنے والوں کو قرار واقعی سزا دی جائیگی اس سلسلے میں خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی میں ٹال فری نمبر کا قیام عمل میں لایا گیا جس پر کوئی بھی شہری غیر معیاری خوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف شکایات درج کرسکتے ہیں۔ٹال فری نمبر 37432-0800 پر کال اور شکایات جبکہ واٹس ایپ نمبر 03451009348 پر غیر معیاری خوراک فروخت کرنے والے ہوٹل، ریسٹورنٹس یا دیگر اشیاء خوردنوش فروخت کرنے والوں کے ویڈیوز اور تصاویر بھیج سکتے ہیں۔
ٹال فری نمبر کے حوالے سے جاری بیان میں وزیر خوراک عاطف خان نے کہا کہ شکایت کے اندراج کے بعد فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے اہلکار 48 گھنٹوں کے اندر متعلقہ کاروبار کا معائنہ کرینگے اورمتعلقہ کاروبار کے انسپکشن کے بعد شکایت کنندہ کو کارروائی کے حوالے سے آگاہ کیا جائیگا صوبائی وزیر نے خوراک سے جڑے افراد کو خبردار کیا کہ ملاوٹ ثابت ہونے پر کاروبار کی بندش، جرمانے اور قید وبند کی سزائیں دی جائیگی۔ عاطف خان نے مزید کہا کہ پورے صوبے میں ڈویژنل سطح پر فوڈ ٹیسٹنگ موبائل لیبز جلد شروع کر رہے ہیں جن کی مدد سے وقت ضائع کیے بغیر موقع پر ہی نمونے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔