Chitral Times

Jan 18, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

خیبر پختونخوا حکومت نے اسلام آباد میں قائم ہینڈی کرافٹس کی نمائش کیلئے صوبائی ملکیتی مرکز پاکستان آرٹس اینڈ کرافٹس گیلری کا احیا کرکے اسے مکمل ہینڈی کرافٹ بازار کے طور پر دوبارہ فعال کردیا

Posted on
شیئر کریں:

خیبر پختونخوا حکومت نے اسلام آباد میں قائم ہینڈی کرافٹس کی نمائش کیلئے صوبائی ملکیتی مرکز پاکستان آرٹس اینڈ کرافٹس گیلری کا احیا کرکے اسے مکمل ہینڈی کرافٹ بازار کے طور پر دوبارہ فعال کردیا

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ) خیبر پختونخوا حکومت نے اسلام آباد میں قائم ہینڈی کرافٹس کی نمائش کیلئے صوبائی ملکیتی مرکز پاکستان آرٹس اینڈ کرافٹس گیلری کا احیا کرکے اسے مکمل ہینڈی کرافٹ بازار کے طور پر دوبارہ فعال کردیا۔ مذکورہ آرٹس اینڈ کرافٹس گیلری پہلے خیبر پختونخوا سمال انڈسٹریل ڈویلپمنٹ بورڈ کے تحت قائم تھی تاہم 2015 میں یہ بورڈ سے لی گئی تھی جسے 2022 میں بورڈ نے واپس حاصل کیا۔خیبر پختونخوا کے نگران صوبائی وزیر برائے صنعت وحرفت،فنی تعلیم اور امور ضم اضلاع ڈاکٹر عامر عبداللہ کی خصوصی ہدایت پر اسلام آباد کے قلب اور پوش علاقے جناح سپر مارکیٹ میں واقع گیلری کی یہ عمارت جو ایک پلازے پر مشتمل ہے کی قلیل مدت میں بحالی کرتے ہوئے اس کی تزئین وآرائش کی گئی اسے ایک جدید اور مکمل ہینڈی کرافٹ بازار کے طور پرقائم کیا گیا ہے جس میں بلخصوص صوبے کے ہینڈی کرافٹس اور بلعموم ملک کے دیگر حصوں میں ہاتھ سے بنی ہوئی اشیاء نمائش اور خریداری کیلئے رکھی گئی ہیں۔بحال کی گئی پاکستان آرٹس اینڈ کرافٹس گیلری کو ای کامرس کی غرض سے آن لائن نظام سے منسلک کرنے کیلئے اس کیلئے ای پورٹل کا قیام بھی عمل میں لایا گیاہے۔

 

خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے اب یہ ممکن بنایا گیا ہے کہ صوبے کے ہاتھ سے بنی ہوئی دستکاری اشیاء تک رسائی اب ای پورٹل کی سہولت کے ذریعے آن لائن ہو سکے گی جس سے صوبے کے ہینڈی کرافٹس کی فروخت میں فروغ حاصل ہو سکے گا۔ہفتے کے روز اسلام آباد میں خیبر پختونخوا کے نگران وزیر برائے صنعت وحرفت،فنی تعلیم اور امور ضم اضلاع ڈاکٹر عامر عبداللہ نے پاکستان آرٹس اینڈ کرافٹس گیلری کی آن لائن پورٹل کا باضابطہ افتتاح کیا جبکہ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر ایس آئی ڈی بی غضنفر علی کے علاوہ بورڈ کے دیگر حکام، آئی ٹی بورڈ کے نمائندوں،صحافی حضرات اور گیلری کے دورے پر آئے ہوئے خواتین وحضرات نے شرکت کی۔

 

افتتاحی تقریب سے نگران وزیر نے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران آرٹ اینڈ کرافٹس گیلری اور آن لائن نظام پر اسکی خدمات کی دستیابی کے منصوبے کو ایک اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے اس اقدام پر ایس آئی ڈی بی کی پوری ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔انھوں نے کہا کہ اپنے ہاتھ سے کسب اور ہنر کے ذریعے رزق حلال کمانے والے اللہ تعالی کے دوست ہوتے ہیں اور یہ مرکز ان افراد کے کاروبار کی ترقی کیلئے ایک اہم ذریعہ ہوگا۔ انھوں نے گیلری کی عمارت کو اپنے اصل مقصد کیلئے دوبارہ حاصل کرکے اسے مفید استعمال میں لانے کو سراہا۔ انھوں نے کہا کہ گیلری کی ویب سائٹ کی تیاری اور آن لائن مارکیٹنگ اور سیل کی سہولت سے آراستہ پورٹل ایک اہم منصوبہ ہے جو ہمارے صوبے کے ثقافتی اشیا ء کے فروغ میں انتہائی مدد گار ثابت ہو گا۔

 

تقریب سے ایم ڈی غضنفر علی نے کہا کہ آج کے دور میں لوگ آسائشی اور مشینی سہولیات سے آرٹ،کرافٹس اور ہاتھ سے بنی ہوئی اشیاء کی طرف راغب ہورہے ہیں اور یہ گیلری پوری دنیا میں ہمارے ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کا ایک وسیلہ بنے گی۔انھوں نے کہا کہ یہ مرکز ایک طرف اگر معاشی ترقی کا آئینہ دار ہے تو دوسری طرف اس میں رکھی گئی اشیاء کی ہنرمند خواتین و حضرات کی معاشی آسودہ حالی کیلئے ایک سبب بنیں گی۔ تقریب کے اختتام پر نگراں وزیر نے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ہنر مندوں کے کام کو سراہا اور ان میں شیلڈز تقسیم کیں۔ اس موقع پر اسلام آباد کی تاجر برادری کے عہدے داران نے بھی خصوصی شرکت کی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
83361