خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان، مری اور گلیات میں بارش اور برفباری متوقع،لینڈ سلائیڈنگ اور شدید برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بلاک ہونے کا بھی امکان،متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری،ترجمان این ڈی ایم اے
خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان، مری اور گلیات میں بارش اور برفباری متوقع،لینڈ سلائیڈنگ اور شدید برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بلاک ہونے کا بھی امکان،متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری،ترجمان این ڈی ایم اے
اسلام آباد( چترال ٹائمزرپورٹ) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ آئندہ ہفتے کے دوران خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری اور گلیات میں بارش اور برف باری کا امکان ہے۔ ترجمان این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ آئندہ ہفتے بارش اور برفباری کے ممکنہ سلسلہ کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاحوں اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے موسمی صورتحال سے آگاہی کے لیے اقدامات کئیجائیں گے۔این ڈی ایم اے ممکنہ آفات کی قبل از وقت آگاہی اور حفاظتی تدابیر عوام تک پہنچا نے کیلئے جلد ہی موبائل ایپلیکیشن کا بھی آغاز کر رہا ہے۔ این ڈی ایم اے نے تمام پی ڈی ایم ایز اور دیگر متعلقہ انتظامی اداروں کو کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ این ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ پہاڑی و برفانی علاقوں میں ایمرجنسی عملہ و مشینری کی بروقت دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے بروقت اقدامات کئے جائیں اور ممکنہ خطرے سے دوچار آبادیوں سے لوگوں کے بر وقت انخلاء کوبھی یقینی بنایا جائے۔مزیدبرآں متعلقہ محکمے ندی، نالوں میں پانی کے بہاؤ کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھیں، تمام متعلقہ محکمے رابطے اور معاونت کے دائرہ کار کو مستحکم بنائیں اور کاشتکار موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی سرگرمیوں سر انجام دیں۔این ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ سیاح پہاڑی علاقوں کے موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے سفر کا ارادہ کریں اور جس علاقے میں سفر کا ارادہ ہو، وہاں کی انتظامیہ کے اہم نمبر پاس رکھیں۔ متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ عوامی آگاہی کیلئے مقامی زبانوں میں پیغامات کی رسائی یقینی بنایا جائے اورلینڈ سلائیڈ وسیلابی خدشے کے زیرِ اثر علاقوں میں ایمرجنسی عملہ و مشینری کی قبل از وقت فراہمی یقینی بنائیں۔
بلوچستان میں بارش اور برفباری، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا
کوئٹہ(سی ایم لنکس)بلوچستان کے کئی علاقوں میں بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی، پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کردیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ بلوچستان میں داخل ہوگیا ہے۔ 10 مارچ سے 13 مارچ تک بلوچستان کے 28 اضلاع میں بارشوں اور زیارت، کوئٹہ، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ کے پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔گوادر سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ایک مرتبہ پھر رات گئے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ رات سے جاری تیز بارش سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا، دیہی علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی جس سے زہران، سیسدی، چوڑ اور ملحقہ علاقوں کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق موسلادھار بارشوں سے دشت کی رابطہ سڑکیں ایک بار پھر بند ہوگئیں۔دوسری طرف سندھ کے بعض علاقوں سمیت خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
سینٹ کے اراکین کے انتخاب کیلئے ریٹرننگ افسران کی تقرری
اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ)الیکشن کمیشن نے 11 مارچ کو مدت مکمل کر کے سبکدوش ہونے والے سینٹ کے اراکین کے انتخاب کیلئے ریٹرننگ افسران کی تقرری کر دی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے اتوار کو جاری کئے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق وفاق سے ایک جنرل اور ایک ٹیکنوکریٹ اور چاروں صوبوں سے 7,7 جنرل، 2,2 خواتین اور ٹیکنوکریٹ بشمول علماء کی جبکہ پنجاب اور سندھ سے غیر مسلموں کی 2 نشستیں 11 مارچ کو ان ارکان کی جانب سے مدت پوری کرنے کے بعد خالی ہو جائیں گی۔الیکشن کمیشن نے ان نشستوں پر انتخاب کیلئے ڈائریکٹر جنرل ٹریننگ الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ اسلام آباد سعید گل کو وفاق، صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان کو پنجاب، صوبائی الیکشن کمشنر سندھ شریف اللہ کو سندھ، صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا شمشاد خان کو کے پی اور صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان محمد فرید آفریدی کو بلوچستان کیلئے ریٹرننگ افسر مقرر کیا ہے۔