Chitral Times

Mar 21, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

خیبرپختونخوا میں عوامی خدمات کی آن لائن فراہمی کے پلیٹ فارم دستک کے تحت موٹر وہیکل آٹو میشن سسٹم کا اجراءکر دیا گیا

شیئر کریں:

خیبرپختونخوا میں عوامی خدمات کی آن لائن فراہمی کے پلیٹ فارم دستک کے تحت موٹر وہیکل آٹو میشن سسٹم کا اجراءکر دیا گیا

 

پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ ) سرکاری امور اور عوامی خدمات کی فراہمی کی ڈیجیٹائزیشن کی طرف خیبر پختونخواحکومت کا ایک اور اہم اقدام، عوامی خدمات کی آن لائن فراہمی کے پلیٹ فارم دستک کے تحت موٹر وہیکل آٹو میشن سسٹم کا اجراءکر دیا گیا۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور تھے جبکہ اسپیکر صوبائی اسمبلی ، صوبائی کابینہ اراکین کے علاوہ محکمہ ایکسائز کے حکام و اہلکاروں نے تقریب میں شرکت کی۔وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے موٹر وہیکل آٹو میشن سسٹم کا باقاعدہ اجراءکیا،

 

اس سسٹم کے ذریعے گاڑیوں کی رجسٹریشن، فیس کی ادائیگی، ملکیت کی منتقلی ، ٹیکسوں کی ادائیگی اور یونیورسل نمبر پلیٹس سمیت تمام امور ڈیجیٹائزڈ ہونگے۔ واضح رہے کہ ابتدائی طور پر اس سسٹم کا اجراءتجرباتی طور پر گزشتہ سال ستمبر میں کیا گیا تھا۔ جس کے تحت اب تک 13229 گاڑیوں کی رجسٹریشن، 71,654 واوچرز اور 6,437 گاڑیوں کی ملکیت کے انتقالات کا عمل مکمل کیا گیا ہے۔ اس اقدام سے صوبائی حکومت کو 28 کروڑ روپے سے زائد کی آمدن ہوئی ہے۔ اسی طرح سسٹم کے تحت اب تک مختلف قسم کی 13,738 گاڑیوں کو یونیورسل نمبر پلیٹس جاری کئے گئے ہیں۔ اب اس جدید سسٹم کو صوبہ بھر میں مکمل استعداد کے ساتھ نافذ کر دیا گیا ہے۔ یہ موٹر وہیکل سروسز کا ایک محفوظ اور مو ثر نظام ہے جس سے نا صرف شہریوں کو خدمات اور سہولیات کے حصول میں آسانی ہوگی بلکہ گاڑیوں کی چوری اور غلط استعمال کا موثر تدارک بھی یقینی ہوگا۔

 

اس جدید سسٹم کی بدولت شہریوں کو گاڑی کی رجسٹریشن ، فیس کی ادائیگی اور یونیورسل نمبر پلیٹ کےلئے دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے اور وہ گھر بیٹھے یہ تمام خدمات اور سہولیات آن لائن حاصل کر سکیں گے۔ نئے سسٹم کے ذریعے گاڑیوں سے متعلق جملہ امور میں شفافیت آئے گی اور صوبائی حکومت کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر موٹر وہیکل رجسٹریشن سمارٹ کارڈ کا بھی اجراءکر دیا۔ وزیر اعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ ہم اس طرف بڑھ رہے ہیں جس طرف بہت پہلے بڑھنا چاہیے تھا۔

 

انہوں نے ڈیجیٹائزیشن کے وژن کے تحت اقدامات کی تکمیل پر ایکسائز حکام کو خراج تحسین کا مستحق قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹائز یشن سے سرکاری امورمیں شفافیت یقینی ہوگی، کرپشن کا خاتمہ ہوگا اور محکموں کی کارکردگی میں بہتری آئےگی۔ ‘ہم نے حکومت میں آتے ہی تمام محکموں میں ڈیجیٹائزیشن کا فیصلہ کیا اور اس وقت متعدد محکموں میں اس سلسلے میں اچھی خاصی پیش رفت ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمانہ امور کی ڈیجیٹائزیشن سے ایک بڑا فائدہ یہ ہو گا کہ ہمارے پاس ایک منظم اور مکمل ڈیٹا بیس موجود ہو گا۔ ڈیٹا کا ہونا بہت اہم ہے، اسکا نہ ہونا کسی بھی حکومت کے لیے چیلنج بن جاتا ہے۔

وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ تمام سیکٹرز میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے زیادہ سے استعمال پر کام جاری ہے کیونکہ ہم نے اپنے وسائل کا دانشمندانہ استعمال کر کے آمدن کو بڑھانا ہے۔ مجھے فخر ہے کہ صوبے میں مکمل ٹرانسپرنسی کی طرف جا رہے ہیں، محکمے محنت کریں، شفافیت کو فروغ دیں، ہم انہیں کار کردگی کی بنیاد پر مراعات و سہولیات دیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے شفافیت اور بہتر مینجمنٹ کے ذریعے اپنے ریونیو میں 55 فیصد اضافہ کیا جس کی وجہ سے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے صحت کارڈ کی بحالی ممکن ہوئی۔ اس کے علاوہ موثر مانیٹرنگ کے ذریعے صحت کارڈ کی مد میں سالانہ 11 ارب روپے کی بچت ہو رہی ہے۔

 

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ منشیات کے خلاف موثر کاروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں، عوام منشیات کے تدارک کےلئے ایکسائز اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منشیات کے موثر تدارک کے لیے مرکزی شاہراہوں پر مزید پوسٹیں قائم کی جائیں اور مزید خواتین اہلکاروں کو بھرتی کیا جائے تاکہ چیکنگ میں آسانی ہو۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مو ¿ثر چیکنگ نہ ہونے کی وجہ سے منشیات فروشوں کو راستہ مل جاتا ہے، پھر یہی منشیات ہمارے بچوں کو تباہی کی طرف لے جاتی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ منشیات کے خاتمے کےلئے جدید آلات فراہم کریں گے۔ جو اہداف مقرر کیے گئے ہیں انہیں مقررہ وقت میں ہی مکمل کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے صوبے میں ہی گاڑیوں کی رجسٹریشن کرائیں ، یہ ہماری اپنی پہچان ہے۔ وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ ہمیں اپنے پورے حقوق ملیں گے، اگر نہ ملے تو ہر فورم پر جائیں گے۔ ہم مل کر کام کریں گے تو کوئی ایسا چیلنج نہیں ہے جسے ہم حل نہ کر سکیں۔

 

chitraltimes cm kp ali amin gandapur launch motor vehicle automation plate firm

 

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
99162