خیبرپختونخوا میں سیاحت کی بحالی اولین ترجیحات میں شامل ہے، محمد عابد مجید
عالمی یوم سیاحت پر خانپور ڈیم کے مقام پر فیمیلز کیلئے تفریح پروگرام کا انعقاد، فیمیلز نے پیراموٹرفلائنگ، ڈرون فلائنگ، فیملی بوٹنگ، زیپ لائننگ سمیت روایتی موسیقی لطف اندوز ہوئے۔
صوبہ کے مختلف اضلاع اور سیاحتی مقاما ت پر عالمی یوم سیاحت کی مناسبت سے تقاریب کا انعقاد کیاگیا، سیاحت کے فروغ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، سیکرٹری محکمہ سیاحت
پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ) سیکرٹری محکمہ سیاحت، کھیل، ثقافت،آثارقدیمہ،میوزیم و امورنوجوانان محمد عابد مجید نے کہاکہ صوبے میں سیاحت کی بحالی اور نئے مقامات پر سیاحتی سرگرمیوں کا انعقاد صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے محکمہ سیاحت کے زیراہتمام ہرضلع میں سیاحتی مقامات میں سہولیات کو اس قابل بنانا ہے جہاں عوام کو روزگار کو نئے مواقع میسر ہوں اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے ان نئے مقامات کو قومی سطح پر سیاحت کے دھارے میں لانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی خیبرپختونخوا کے زیراہتمام خانپور ڈیم کے سیاحتی مقام پر فیمیلز کیلئے منعقدہ تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پروزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، ڈائریکٹر جنرل کلچراینڈ ٹورازم اتھارٹی خیبرپختونخوا کیپٹن (ر) کامران احمد آفریدی،مابالی آئی لینڈ صفدر حسین،ٹورازم اتھارٹی کے عہدیداران اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔تفصیلات کے مطابق عالمی یوم سیاحت کی مناسبت سے خانپور، گلیات ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے زیراہتمام نتھیاگلی گلیات،محکمہ امور نوجوانان کے زیراہتمام کالام، محکمہ آرکیالوجی کے زیراہتمام عجائب گھر پشاور اور دیگر سیاحتی مقامات پر سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔عالمی یوم سیاحت کی مرکزی تقریب میں فیمیلز خانپور کی سیر سمیت مختلف ایڈونچر سرگرمیوں میں کشتی رانی، زیپ لائننگ، ویک ٹیوبنگ، جیٹ سکی رائیڈکے علاوہ آرسی جہاز شو، بچوں کیلئے میجک شو، روایتی کھانوں اور روایتی موسیقی سے بھی خوب محظوظ ہوئیں۔ ہزارہ ڈویژن میں عالمی یوم سیاحت کی مناسبت سے گلیات ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے زیراہتمام رنگ دے گلیات ایونٹ کا انعقاد کیا۔ جس میں نیشنل کالج آف آرٹ لاہور کے 70 سے زائد طلباء و طالبات نے شرکت کی اور باڑیاں روڈ پر مختلف مقامات کو پرکشش بنانے کیلئے پینٹنگ کی۔ اس موقع پرسیکرٹری محکمہ سیاحت محمد عابد مجید کا مزید کہنا تھا کہ صوبے میں سیاحت کے فروغ کیلئے کائیٹ پراجیکٹ کے تحت آثارقدیمہ کے مقامات کی نشاندہی اور سیاحوں کی آگاہی کیلئے 10 ڈسٹرکٹ میں 540 سائن بورڈز کی تنصیب کیلئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط،83 سائن بورڈ کی مردان میں تنصیب،تخت بھائی کے مقام پر 20 معلوماتی سائن بورڈ کی تنصیب کا پروگرام رواں دواں ہے جبکہ تین مختلف مقامات میں کوڑا کرکٹ اور کچرا ٹھکانے لگانے کیلئے مشینری کی تنصیب،صوبے کے پانچ سیاحتی مقامات گلیات، ٹھنڈیانی،شوگران، کمراٹ اور کیلاش میں ریسکیو 1122 سٹیشن قائم کرنے اور ایمرجنسی آلات کی خریداری کیلئے پروکیورمنٹ اور اقدامات شامل ہیں۔اسی طرح محکمہ امورنوجوانان کے زیراہتمام ایگل کیمپ 2020 پرواز جنون کے نام سے پانچ روزہ کیمپ کاکالام کے سیاحتی مقام پر انعقاد کیا گیا جس کی اختتامی تقریب عالمی یوم سیاحت پر گزشتہ روز منعقد ہوئی جس میں 100 طلباء و طالبات نے ملک بھر سے حصہ لیا اس کیمپ کا مقصد وادی سوات کے تاریخی مقامات کی رونمائی اور ان سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا جبکہ ساتھ ہی ساتھ طلباء و طالبات نے صفائی اور آگاہی مہم میں بھی حصہ لیا۔ ڈائریکٹریٹ آف آرکیالوجی اور میوزیم کے زیراہتمام عالمی یوم سیاحت پرسکول و کالجزکے طلباء وطالبات کیلئے تاریخی عجائب گھر پشاور کی سیر اور معلوماتی دورے کا اہتمام کیا گیا جس میں عجائب گھر میں موجود ہزاروں سال پرانے بدھ مت کے آثارقدیمہ اور تاریخ سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔