خیبرپختونخوا حکومت نے غربت کے شکار ہنرمندوں، فنکاروں اور فنونِ لطیفہ سے وابستہ دیگر افراد کی مالی معاونت کے لئے انڈومنٹ فنڈ کے قیام کا اعلان کر دیا
خیبرپختونخوا حکومت نے غربت کے شکار ہنرمندوں، فنکاروں اور فنونِ لطیفہ سے وابستہ دیگر افراد کی مالی معاونت کے لئے انڈومنٹ فنڈ کے قیام کا اعلان کر دیا
فنکاروں کی تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ مشیر سیاحت و ثقافت
انڈومنٹ فنڈ کا مقصد فنکاروں کی مالی مشکلات کم کرنا ہے۔ مشیر سیاحت و ثقافت
فنکار برادری کا صوبائی حکومت کے اقدام کا بھرپور خیر مقدم
چترال (چترال ٹائمزرپورٹ) خیبرپختونخوا حکومت نے غربت کے شکار ہنرمندوں، فنکاروں اور فنونِ لطیفہ سے وابستہ دیگر افراد کی مالی معاونت کے لئے انڈومنٹ فنڈ کے قیام کا اعلان کر دیا ہے جبکہ خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام اس فنڈ سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور اور مشیر سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب کے خصوصی احکامات کی روشنی میں فوری طور پر کام شروع کر دیا ہے۔اس ضمن میں صوبے کے مستحق فنکاروں، ہنرمندوں اور فنونِ لطیفہ سے وابستہ افراد سے درخواستیں طلب کرلی گئی ہیں اور درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 23 ستمبر مقرر کی گئی ہے۔ امداد کی تفصیل کلچر اینڈ ٹورز اتھارٹی خیبرپختونخوا کے ویب سائٹ پر دستیاب ہے جہاں سے درخواست فارم بھی ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے فنڈ کے اجراء کی باضابطہ منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہنرمند اور فنکار برادری ہماری ثقافت اور تہذیب کی امین ہے۔ ان کی تخلیقی صلاحیتوں اور محنت کو ابھارنا اور ان کی بھرپور انداز میں حوصلہ افزائی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
مشیر سیاحت و ثقافت کا کہنا ہے کہ خطاطی، ڈرائنگ، دستکاری، زیورات کی ڈیزائننگ، فن تعمیرات، مصوری، سنگ تراشی،رقص، موسیقی، ادب‘ تھیٹر، فوٹوگرافی، فیشن ڈیزائننگ، مہر سازی اور سرامکس سمیت ہرقسم کے فنون انسانی احساسات دوسروں تک پہنچانے کا اہم ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور مالی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے پروگرام شروع کر رہی ہے جس سے نہ صرف ان کی مالی معاونت ہو بلکہ فن کے فروغ کے زیادہ سے زیادہ مواقع بھی میسر ہوں جبکہ انڈومنٹ فنڈ کا قیام اس سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے خیبرپختونخوا کا ڈومیسائل رکھنے والا مستحق فنکار براہ راست مستفید ہو سکے گا۔ زاہد چن زیب نے اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورزم اتھارٹی کو بھی ہدایت کی کہ فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور معاونت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ فنکار ہمارا قومی اثاثہ ہیں اسلئے کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی فنکاروں کی فلاح وبہبود کے لیے مزید ٹھوس اقدامات اٹھائے جبکہ انڈومنٹ فنڈ کے اجراء کے عمل کو فی الفور روبہ عمل لا کر مستحق فنکاروں کی قرار واقعی مدد کی جائے۔
درایں اثناء صوبائی حکومت کی جانب سے فنکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے انڈومنٹ فنڈ کے قیام کا نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ ملک بھر کی فنکار برادری نے خیر مقدم کیا ہے اور صوبائی حکومت کو اس ضمن میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔