
خیبرپختونخوا جعرافیائی حیثیت سے براستہ افغانستان وسط ایشیائی ممالک تک تجارتی راہداری کے حوالے سے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے۔ گورنرفیصل کریم کنڈی
خیبرپختونخوا جعرافیائی حیثیت سے براستہ افغانستان وسط ایشیائی ممالک تک تجارتی راہداری کے حوالے سے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے، اور سی پیک کے ذریعے اس صوبہ میں تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع مزید بڑھ گئے ہیں۔ گورنرفیصل کریم کنڈی
پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا جغرافیائی حیثیت سے براستہ افغانستان وسط ایشیا ئی ممالک تک تجارتی راہداری کے حوالے سے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے، اسی طرح سی پیک کے ذریعے اس صوبہ میں تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع مزید بڑھ گئے ہیں۔ چائینہ سمیت غیرملکی سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ خیبرپختونخوا کے قدرتی وسائل سے استفادہ اٹھائیں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آل چائنا فیڈریشن آف انڈسٹری اینڈ کامرس کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا-
سینیٹر فدا محمد اور ڈائریکٹر جنرل برائے میڈیکل اینڈ فارماسیوٹیکل حیدر آئی کین کی قیادت میں وفد میں ڈائریکٹر جنرل آف لاجسٹکس اینڈ ٹورازم فوزانگ ینگ سمیت دیگر تجارتی و کاروباری شخصیات شامل تھیں- ملاقات میں خیبرپختونخوا میں صحت، توانائی،تعلیم، فارماسیوٹیکل کے شعبوں میں سرمایہ کاری و تجارتی سرگرمیوں کے مزید مواقع تلاش کرنے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا- اس موقع پر وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ چینی سرمایہ کاروں کو ملک بھر بالخصوص خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری و تجارتی سرگرمیوں کیلئے خوش آمدید کہتے ہیں،
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گزشتہ ماہ مائنز اینڈ منرلز کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے حوالہ سے اوورسیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، اسی طرح خیبرپختونخوا میں قیمتی پتھروں کے حوالہ سے وسیع اور بہترین سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، خیبرپختونخوا میں دنیا کی بہترین ماربل، گرینائٹ،کے وسیع ذخائر موجود ہیں جبکہ توانائی اور سیاحت کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں،انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے ماضی اور موجودہ صوبائی حکومت خیبرپختونخوا کے قدرتی وسائل پر سرمایہ کاروں کی توجہ اور دلچسپی درست معنوں میں مبذول نہیں کرسکی ہے، انہوں نے کہا کہ سی پیک سے خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں انڈسٹریل انقلاب آئے گا، یہ منصوبہ پاک چائینہ دوستی کا عظیم منصوبہ ہے جسے ہم سب نے ملکر کامیاب بنانا ہے-
گورنر ہاؤس پشاور میں اتوار کے روز اوپن پبلک ڈے کا انعقاد
پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) گورنر ہاؤس پشاور میں اتوار کے روز اوپن پبلک ڈے کا انعقاد کیاگیا۔ پبلک ڈے کے موقع پرگورنر ہاؤس پشاور میں شہریوں کی بھاری تعدادپہنچی اور گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کو مختلف محکموں سے متعلق اپنے مسائل سے تحریری و زبانی آگاہ کیا-پبلک ڈے کے موقع پر پیپلز لائرز فورم صوابی، ضلع خیبر سے آفریدی قبائل، پیپلزپارٹی ضلع خیبر، پیپلز پارٹی کوہستان، انجمن تاجران، خیبر چیمبر آف کامرس کے الگ الگ وفود سمیت پشاور، نوشہرہ، مردان سمیت صوبہ بھر سے شہریوں کی بڑی تعداد نے گورنر خیبر پختونخوا سے گورنر ہاؤس میں اپنے مسائل سے متعلق ملاقات کی-
گورنر خیبر پختونخوا نے اس موقع پر قبائلی عمائدین کے فاٹا انضمام کے بعد پیدا ہونے والے مسائل، قبائلی علاقوں میں بڑھتی ہوئی بدامنی اور ترقیاتی منصوبوں میں قبائل کو نظر انداز کرنے، طورخم بارڈر پر ٹرمینل کی عدم فعالیت، بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سمیت دیگر مسائل سے متعلق متعلقہ محکموں سے معاملات اٹھانے اور مذکورہ مسائل کے حل کیلئے اپنا مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، گورنر نے ملاقات کرنیوالے وفود کے ساتھ ساتھ عام شہریوں کے مسائل و شکایات بھی غور سے سنیں۔انہوں نے اس موقع پر بعض شکایات پر فوری احکامات صادر کئے اور بعض دیگرمسائل و شکایات کو متعلقہ محکموں کو بجھوا دیا.
گورنرفیصل کریم کنڈی کا کہناتھاکہ شہریوں کے مسائل و شکایات کے حل کیلئے گورنر ہاؤس میں اوپن پبلک ڈے کا انعقاد جاری رہیگا، عوامی مسائل و شکایات کے حل کیلئے شہریوں کیلئے ایک دن مختص رکھتا ہوں۔انہوں نے کہاکہ پبلک ڈے میں عوام کے درمیان موجود رہنا اور انکے مسائل حل کرنے سے دلی خوشی محسوس ہوتی ہے- اس موقع پر عوامی وفود نے مسائل کے حل میں دلچسپی لینے اور انکے حل کے لیئے قائدانہ کردار ادا کرنے کے جذبہ پر گورنر فیصل کریم کنڈی کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا.