خیبرپختونخواہ حکومت نے جامعہ چترال کیلئے ستر میلین روپے کے خصوصی فنڈز کی منظوری دیدی
خیبرپختونخواہ حکومت نے جامعہ چترال کیلئے ستر میلین روپے کے خصوصی فنڈز کی منظوری دیدی
چترال (چترال ٹائمزرپورٹ) یونیورسٹی آف چترال کے پبلک ریلیشنز آفیسر کی جانب سے جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق خیبر پختونخواہ حکومت نے یونیورسٹی کی جاری آخراجات کی مد میں ستر میلین روپے کی خصوصی فنڈ کی منظوری دی ہے۔ یاد رہے 2018 میں اعلیٰ تعلیم کی صوبوں کو منتقلی کے بعد ایچ ای سی نئی قائم شدہ جامعات کی جاری اخراجات کیلئے باقاعدہ فنڈنگ نہیں کررہی ہے جبکہ خیبر پختوںخواہ میں صوبائی ایچ ای سی کا قیام ہنوز تعطل کا شکار ہے۔ جس کی وجہ سے نئی جامعات کو شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ نتیجتاً نئی یونیورسٹیاں اپنی آخراجات کو پوراکرنے کیلئے فیسوں پر انحصار کرنے پر مجبور ہوتے رہے ہیں۔
مذکورہ فنڈ کی منظوری کے بعد جامعہ چترال نے نئے تعلیمی سال کیلئے اپنی فیسوں میں خاطر خواہ کمی کردی ہے جس سے اس پسماندہ علاقے کے طلباءوطالبات کو داخلہ لینے اور اپنے تعلیم جاری رکھنے میں آسانی ہوگی۔ واضح رہے مذکورہ خصوصی فنڈ کی منظوری میں علاقے کی منتخب نمائندگان بالخصوص ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخواہ محترمہ ثریا بی بی نے کلیدی کردار ادا کیا ہے جس کیلئے جامعہ کے وائس چانسلر، اساتذہ، عملہ اور طلباءوطالبات ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ جامعہ کے ذمے طویل عرصے سے واجب الادا بقایا جات کی ادائیگی کیلئے یونیورسٹی کی جانب سے صوبائی حکومت کو پیش کی گئی 270 میلین روپے کی زیر التوا درخواست برائے اعانتی گرانٹ (گرانٹ اِن ایڈ) کی جلد منظوری کیلئے بھی کوششیں تیز تر کریں گے۔ جامعہ چترال کے تمام اسٹیک ہولڈرز خیبرپختونخواہ حکومت کی جانب سیخصوصی فنڈ کی منظوری پر وزیراعلٰی، صوبائی وزیر برائے اعلٰی تعلیم اور سیکریٹری اعلٰی تعلیم کابھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔