خاصہ دارفورس اورلیویزکی پولیس میں انضمام کیلئے قواعدوضوابد کو ایک ماہ کے اندرمکمل کرنے کی ہدایت
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے خاصہ دار اور لیویز اہلکاروں کی پولیس میں انضمام کے لیے متعلقہ قواعد و ضوابط (رولز اینڈ پروسیجر) کو ایک ماہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور واضح کیا ہے کہ یکم اگست کو تمام لیویز اور خاصہ دار اہلکاروں کو پولیس کے متوازی عہدوں کے برابر تنخواہ فراہم کردی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ صوبے میں تمام خاصہ دار اور لیویز اہلکاروں کی پولیس میں انضمام کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں وزیراعلیٰ کے مشیر برائے قبائلی اضلاع اجمل وزیر، وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا محمد سلیم خان، آئی جی خیبر پختونخواہ ڈاکٹر نعیم خان، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، سیکرٹری خزانہ شکیل قادر اور دیگر اہلکاروں نے شرکت کی۔
وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا گیا کہ ضم شدہ اضلاع میں لیویز اور خاصہ دار اہلکاروں کی تمام تر آسامیاں پولیس میں ضم کر دی گئی ہیں اور ان آسامیوں کے حوالے سے تمام تر انتظامی اور مالیاتی امور پولیس کے حوالے کر دی گئی ہیں اور خاصہ دار اور لیویز کے تمام تر عہدوں کو پولیس کے متوازی عہدوں میں تبدیل کیا جا چکا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے خاصہ دار اور لیویز آرڈینینس کے تحت درکار قواعد وضوابط کو حتمی شکل دینے کے لئے محکمہ قانون، خزانہ، اسٹیبلشمنٹ، ہوم اور پولیس پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جو ایک ماہ کے اندر وزیراعلیٰ کو اپنا رپورٹ پیش کرے گی۔
…………………………………………………….
دریں اثنا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پشاور میں واقع صحافیوں کے لئے درانی میڈیا کالونی میں الاٹمنٹ لیٹر ز کی حوالگی 31اگست 2019تک یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے جبکہ میڈیا کالونی کیلئے گیس کنکشن کے مسئلے کو فوری طور پر حل کرنے اور اس مد میں پچاس لاکھ بقایا جات کی فوری ادائیگی کے احکامات بھی جاری کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے میڈیا کالونی میں بجلی اور ٹرانسفرمرز کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے واپڈ ا حکام سے جلد از جلد رابطہ کرنے کی بھی یقین دلائی ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے پریس کلب کے نمائندہ وفد سے وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم کے مشیر برائے میڈیا افتخا ر درانی ، صوبائی وزیرا طلاعات شوکت یوسفزئی ،وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع اجمل وزیر، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ شہاب علی شاہ ، جی ایم ایس این جی پی ایل ، سیکرٹری انفارمیشن ، سیکرٹری قانون، ڈی جی انفارمیشن ڈی جی پی ڈی اے، پشاور پریس کلب کے صدر، ڈان نیوز کے بیرو چیف اسماعیل خان، سابقہ صدر پشاور پریس کلب عالمگیر خان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ کو درانی میڈیا کالونی میں سول ورک پر کام کی رفتار اور لاگت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ درانی میڈیا کالونی کا کل رقبہ 169کنال پر محیط ہے جس میں ک ±ل 340رہائشی پلاٹس ہےں جبکہ ان پلاٹس پر 62فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ وزیر اعلیٰ کو مزید بتایا گیا کہ کالونی میں سڑکوں کی تعمیر پربھی 26 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ سول ورک کیلئے کُل 293.46ملین روپے مختص کئے گئے تھے جس میں 281.97 ملین روپے خرچ کئے گئے ہے اس کے علاوہ کُل بیلنس 11.49 ملین روپے ہے۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ درانی میڈیا کالونی میں سٹریٹ لائٹ ، انٹرنل وائرنگ، ٹیوب ویل وغیرہ پر بھی سول ورک مکمل کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کودرانی میڈیا کالونی کے لئے پل بنانے اور گیٹ کی تنصیب کی ہدایت کی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ میڈیا کالونی کے تمام مسا ئل حل کئے جائیںگے جبکہ اس کی بروقت تکمیل جلد یقینی بنائی جائیگی۔ وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت صحافتی برادری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے انہوں نے کہا ہے کہ صحافت سے منسلک افراد معاشرے کے لئے آنکھ اور کان کی حثیت رکھتی ہے صوبائی حکومت صحافتی برادری کے تمام مسائل کے حل کے لئے ہمہ وقت برسر پیکار رہی ہے اور مستقبل میں بھی پوری سنجیدگی سے ان کے مسائل حل کرےگی۔ انہو ں نے وفد کو یقین دلاےا ہے کہ درانی میڈیا کالونی کی تکمیل میں حائل رُکاوٹوںکو دور کیا جائے گا اور میڈیا کالونی کی معیاری اور بروقت تکمیل ہر حال میں ممکن بنایا جائیگا۔