Chitral Times

May 12, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

حکومت خیبر پختونخوا نئے سیاحتی زونز کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں قانونی حیثیت دے گی

Posted on
شیئر کریں:

حکومت خیبر پختونخوا نئے سیاحتی زونز کو سالانہ ترقیاتی پروگرام 2025-26 میں قانونی حیثیت دے گی

پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کیمشیر برائے سیاحت، ثقافت، آثار قدیمہ و عجائب گھر، زاہد چن زیب نے کہا ہے کہ صوبے میں موجود سیاحتی امکانات کو مؤثر طور پر بروئے کار لانے کے لیے نئے سیاحتی زونز کو سالانہ ترقیاتی پروگرام 2025-26 میں قانونی حیثیت دینا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کئی ایسے مقامات موجود ہیں جو سیاحت کے فروغ کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، جنہیں قانونی طور پر سیاحتی زونز کا درجہ دینا ضروری ہے۔

 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر پشاور میں سیکرٹری محکمہ سیاحت و ثقافت خیبر پختونخوا، ڈاکٹر محمد بختیار خان اور نئے تعینات ہونے والے ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورزم اتھارٹی (KPCTA)، حبیب اللہ عارف سے بات چھیت کرتے ہوئے کیا دوران کیا۔مشیر سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے نئے ڈائریکٹر جنرل کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قائدانہ صلاحیتیں اتھارٹی کے دیرینہ اور پیچیدہ مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔اس موقع پر سیکرٹری محکمہ سیاحت و ثقافت، ڈاکٹر محمد بختیار خان نے بتایا کہ نئے سیاحتی مقامات کو قانونی حیثیت دینے کے لیے تمام دستاویزی کارروائی مکمل ہوچکی ہے، اور یہ اقدامات آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیے جائیں گے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ ان کوششوں کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے، جس سے نہ صرف سیاحت کا شعبہ مستحکم ہوگا بلکہ صوبے کی معیشت میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔ملاقات کے دوران ڈائریکٹر جنرل کلچر اینڈ ٹورزم اتھارٹی، حبیب اللہ عارف نے ادارے کی جانب سے سیاحت و ثقافت کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ کلچر اینڈ ٹورزم اتھارٹی کو ایک نئی اور مؤثر جہت دی جائے۔مشیر سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا سیاحت کے فروغ اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات اٹھاتے ہوئے صوبے کو ایک بین الاقوامی سطح پر نمایاں سیاحتی مقام بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

 

 

چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں اور اصلاحاتی اقدامات کا جائزہ اجلاس

پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف محکموں کو ترقیاتی و فلاحی اقدامات سے متعلق تفویض کردہ ذمہ داریوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اہم ترقیاتی منصوبوں اور گورننس میں اصلاحات سے متعلق اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ بتایا گیا کہ ٹھنڈیانی ٹورازم پراجیکٹ کی تشہیر کے لیے رواں ہفتے روڈ شو منعقد کرنے کی تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں۔

 

اجلاس میں گھنول انٹیگریٹڈ ٹورازم زون، سوات موٹروے فیز ٹو، پشاور-ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے اور درابن اکنامک زون کے منصوبوں پر بھی پیش رفت کا جائزہ پیش کیا گیا۔چیف سیکرٹری نے مکمل ہونے کے قریب منصوبوں کے لئے مالی وسائل کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ یہ منصوبے جلد از جلد مکمل ہوں۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عوامی مفاد کے حامل اہم منصوبوں کو مالیاتی امور کی تیاری میں دوران ترجیح دی جائے۔ انہوں نے منصوبوں پر پیشرفت کی مانیٹرنگ کے لئے ٹریکنگ شیٹ کے مؤثر استعمال پر زور دیتے ہوئے محکمہ منصوبہ بندی و ترقی کو ہدایت کی کہ اسے باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کیا جائے تاکہ فیصلہ سازی بہتر انداز میں ممکن ہو سکے۔

 

اجلاس میں ڈیجیٹل گورننس اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ای-آفس سسٹم کا آزمائشی عمل رواں ہفتے شروع کیا جائے گا، جس کے تحت ای-سمری، ڈائری اور ڈسپیچ جیسے فیچرز متعارف کروائے جا رہے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد شفافیت، کارکردگی اور سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر بنانا ہے۔صوبے کے ای-پروکیورمنٹ پورٹل ای-پیڈز پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک 175 ٹینڈرز اپ لوڈ کیے جا چکے ہیں جبکہ رنگ روڈ پشاور (نارتھ سیکشن) کے مسنگ لنک کے تکنیکی بولی کھولنے کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔

 

شہر پشاور میں ٹریفک کے مسائل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) کو ہدایت کی کہ صوبائی دارالحکومت کی خوبصورتی کے لئے ایک جامع منصوبہ 30 جون تک پیش کیا جائے۔ بتایا گیا کہ حیات آباد پشاور میں ایک ماڈل سیکٹر کی تیاری پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت شفافیت، کارکردگی اور بہتر سروس ڈیلیوری کے لئے وضع کردہ گڈ گورننس روڈمیپ پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان اصلاحاتی اقدامات کے تسلسل سے عوامی فلاح کے اقدامات میں نمایاں بہتری دیکھنے کو ملے گی۔

 

chitraltimes chief secretary kp chairing meeting on dev projects

 

 

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
101825