Chitral Times

Nov 13, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

حکومت آئی پی پیز کو نئی شرائط پر آمادہ کر رہی ہے، آئندہ ایک دو ماہ میں آئی پی پیز کے معاملے پر قوم اچھی خبر سنے گی،: اویس لغاری

Posted on
شیئر کریں:

حکومت آئی پی پیز کو نئی شرائط پر آمادہ کر رہی ہے، آئندہ ایک دو ماہ میں آئی پی پیز کے معاملے پر قوم اچھی خبر سنے گی،: اویس لغاری

اسلام آ باد(چترال ٹائمزرپورٹ) وزیر توانائی اویس لغاری پھر آئی پی پیز کا دفاع کرنے لگے، انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز پالیسی مہنگی بجلی کی وجہ نہیں ہے۔وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے وائس آف امریکا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں آئی پی پیز سے معاہدوں کی وجہ سے بجلی کی قیمتیں زیادہ ہیں، بجلی گھروں کا کرایہ اور قرض کی واپسی فی یونٹ بجلی کو مہنگا بنا رہی ہے۔اویس لغاری نے کہا کہ آئی پی پیز معاہدوں سے پیچھے ہٹا نہیں جا سکتا، پاکستان میں بجلی کی قیمتوں میں کمی اصلاحات کے ذریعے ہی ممکن ہے، اصلاحات سے پاکستان میں بجلی کی قیمتیں جلد خطے کے دیگر ممالک جیسی ہو جائیں گی۔وزیر توانائی نے کہا کہ حکومت آئی پی پیز کو نئی شرائط پر آمادہ کر رہی ہے، آئندہ ایک دو ماہ میں آئی پی پیز کے معاملے پر قوم اچھی خبر سنے گی، آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کو یکطرفہ ختم یا تبدیل نہیں کریں گے، آئی پی پیز نے ڈالر میں سرمایہ کاری کی تو ڈالر میں ہی ادائیگی ہو گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسا کون سا ملک ہے جو ڈالر میں قرض لے اور واپسی مقامی کرنسی میں کرے؟

 

سپیکر کا پارلیمنٹ ہاؤس کے ملازمین کے سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا نوٹس

اسلام آباد(سی ایم لنکس) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہاؤس کے ملازمین کے سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا سخت نوٹس لے لیا۔ذرائع کے مطابق سپیکر سردار ایاز صادق نے ڈپٹی سارجنٹ ایٹ آرمز سجاد احمد خان کو شوکاز نوٹس جبکہ چار دیگر ملازمین کو حتمی وارننگ جاری کردی، ڈپٹی سارجنٹ ایٹ آرمز سجاد احمد خان کو چارج شیٹ بھی جاری کی گئی ہے۔پارلیمنٹ ہاؤس ذرائع کے مطابق سجاد احمد خان نے تحریک انصاف کے دھرنے میں اپنے علاقے کے لوگوں کو بٹھایا تھا، سجاد خان کی ڈیوٹی اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے چیمبر میں تھی، منع کرنے کے باوجود وہ علاقے کے لوگوں کو دھرنے میں لاتے رہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ دیگر چار ملازمین کی ڈیوٹی سابق سپیکر اسد قیصر کے ساتھ تھی، چاروں ملازمین قومی اسمبلی کے ملازم ہوتے ہوئے خود دھرنے میں شامل رہے۔ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق چاروں ملازمین کو حتمی وارننگ نوٹس جاری کیا گیا ہے، قومی اسمبلی کے ترجمان نے ڈپٹی سارجنٹ ایٹ آرمز کو چارج شیٹ اور چار ملازمین کو وارننگ کی تصدیق کی ہے۔

 

 

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
92465