Chitral Times

Jan 22, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

جوہری اور میزائل پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہونے کے ساتھ ہی تمام تفصیلات ویب سائٹ پر ڈال دی جائیں گی،وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار

شیئر کریں:

 

جوہری اور میزائل پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہونے کے ساتھ ہی تمام تفصیلات ویب سائٹ پر ڈال دی جائیں گی،وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار

اسلام آباد(سی ایم لنکس)وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کے جوہری اور میزائل پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، ہم پاکستان کے عوام کے نمائندے اور قومی مفادات کے محافظ ہیں، کسی کو یہ اختیار نہیں کہ وہ پاکستان کے میزائل پروگرام پر ڈیکٹیشن دے، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہونے کے ساتھ ہی تمام تفصیلات وزارت خزانہ کی ویب سائٹ پر ڈال دی جائیں گی۔جمعرات کو ایوان بالا کی 50 سالہ تقریبات کے دوسرے روز اپنے خطاب میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے غیر ملکی سفارتکاروں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ آف پاکستان کی مساوات، اجتماعیت، صوبائی خودمختاری اور جامع پارلیمانی جمہوریت کے لئے ایک شاندار تاریخ ہے۔سینیٹ میں کمیٹیوں کا جامع نظام ہے، ہم جمہوری اصولوں کو مضبوط بنانے کے لئے اجتماعی کردار ادا کر رہے ہیں۔ کوئی بھی قانون یہاں دونوں ایوانوں سے منظور ہوتا ہے جس میں سینیٹ کا کلیدی کردار ہے۔ سینیٹ میں مالیاتی بل پر تجاویز دی جاتی ہیں۔ میں نے بطور وزیر خزانہ ان سفارشات کو زیادہ سے زیادہ بجٹ کا حصہ بنایا ہے۔

 

انہوں نے کہاکہ ہم دنیا کی جمہوریتوں سے سیکھتے ہیں۔ سفارتکاروں سے تبادلہ خیال کرتے ہیں۔ ہم میں سے ہر ایک کی آئینی وپارلیمانی ذمہ داریاں ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ ہم سب مل کر اس کرہ ارض پر جمہوریت اور انسانی اقدار کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ میں نے بطور وزیر خزانہ مالیاتی نظم ونسق میں شفافیت کے لئے بھرپور کاوشیں کی ہیں۔ شفاف مالیاتی ڈسپلن کے بغیر کوئی جمہوریت یا جمہوری نظام کامیاب نہیں ہوسکتا۔رضا ربانی کی جانب سے اٹھائے گئے بعض نکات کا جواب دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ بطور وزیر خزانہ میں نے پہلی بار یکم جنوری 1999کو آئی ایم ایف سے ہونے والے معاہدے کی تمام تفصیلات ویب سائٹ پر ڈلوائیں۔

 

1998میں جب میں وزیر خزانہ بنا تو تب آئی ایم ایف پروگرام معطل تھا۔ میں نے قوم سے یہ وعدہ کیا تھا کہ تمام تفصیلات ویب سائٹ پر ڈالی جائیں گی اورعوام کو اس تک رسائی ہو گی۔شفاف لیول معاہدہ اور ایم ای ایف کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ اس کی حتمی منظوری کے بعد تمام تفصیلات وزارت خزانہ کی ویب سائٹ پر ڈال دیں گے۔ہم شفافیت اور مالیاتی ڈسپلن پر یقین رکھتے ہیں۔میں نے 5سال جلا وطنی کاٹی کیونکہ ہر چیز سے بالا تر ہو کر مالیاتی نظم و نسق نافذ کیا تھا۔ پاکستان کے نیو کلیئر اور میزائل پروگرام پر کوئی بھی شخص سمجھوتہ نہیں کر سکتا۔ ہم پاکستان کے ذمہ دار شہری ہیں۔ہم پاکستان کے عوام کے اور قومی مفادات کے محافظ ہیں۔ کسی کو یہ اختیار نہیں کہ وہ پاکستان کے میزائل پروگرام پر ڈکٹیشن دے۔ میری نظر میں سٹیٹ بینک کی خودمختاری کی ترمیم سے خود مختار مانیٹری پالیسی بنانے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدے کی شرائط پر عملدرآمد کا خواہاں ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
72616