جتنی بجلی کم استعمال ہوگی اتنی قیمت بڑھے گی، نیپرا کی انوکھی منطق
جتنی بجلی کم استعمال ہوگی اتنی قیمت بڑھے گی، نیپرا کی انوکھی منطق
اسلام آباد(سی ایم لنکس) نیپرا نے نومبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 4 روپے 66 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر سماعت مکمل کر لی۔نیپرا ڈیٹا کے مزید جانچ پڑتال کے بعد تفصیلی فیصلہ اور نوٹیفیکیشن جاری کرے گا، من و عن اضافے کا سیلز ٹیکس سمیت بجلی صارفین پر 40 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔نومبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت چیئرمین نیپرا وسیم مختار کی زیر صدارت ہوئی۔دوران سماعت این ٹی ڈی سی حکام کا کہنا تھا کہ بجلی کمپنیاں اپنے مرمتی کاموں کے باعث لوڈشیڈنگ کر رہی ہیں۔سی پی پی اے حکام کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمت میں اس ماہ 2 روپے 12 پیسے کی سابقہ ایڈجسٹمنٹ مانگی ہیں، مقامی کوئلے والے پلانٹس شیڈولڈ مینٹیننس پر ہیں اور اس وقت صرف فرنس آئل والے پلانٹس سے بجلی پیدا کر رہے ہیں۔چیئرمین نیپرا نے کہا کہ ریفرنس کے مقابلے میں بجلی کی طلب کم ہو تو قیمت بڑھ جاتی ہے، گروتھ میں 13 فیصد کمی سے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ بڑھے گی۔نیپرا اتھارٹی نے سی پی پی اے سے چھ ماہ کی پروجیکشن مانگ لی ہے، موجودہ صورتحال سے نکلنے کے لیے کوئی نا کوئی حکمت عملی مرتب کرنا پڑے گی-ممبر نیپرا رفیق شیخ نے کہا کہ پلانٹس کی بندش کے حوالے سے ہم کوئی منصوبہ بندی نہیں کرسکتے، اووربلنگ کے معاملے پر بجلی کمپنیوں سے وضاحت مانگ لی ہے، ہم بجلی صارفین کو مکمل ریلیف دلائیں گے اور اووربلنگ کے حوالے سے ہم اپنا کام جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اضافی بلوں کے معاملے پر پاور ڈویڑن کا اپنا اور ہمارا اپنا کام ہے، ہمیں اپنے کام سے کوئی نہیں روک سکتا۔ممبر نیپرا مطہر نیاز رانا نے کہا کہ جتنا بجلی کا استعمال کم ہوگا اتنی ہی قیمت بڑھے گی۔ نیپرا حکام نے بتایا کہ این ٹی ڈی سی کے ٹاور گرنے پر این ٹی ڈی سی کو شوکاز جاری کر دیا جبکہ ممبر نیپرا رفیق شیخ کا کہنا تھا کہ بجلی کمپنیوں کو 6 سے 8 ماہ میں 15سے25 شوکاز جاری کرچکے ہیں۔
عوامی شکایات کیلئے الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم
اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات2024ء میں عوام الناس کی سہولت کے لیے الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سنٹر EMCC قائم کر دیا ہے۔الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق اس سنٹر میں عوام الناس کو الیکشن کے حوالے سے رابطہ کرنے اور اپنی شکایات درج کرانے کی سہولت ہو گی۔اْن کے شکایت کے بروقت ازالہ کے لیے فوری طور پر کارروائی کی جائے گی اور اس مقصد کے لیے سنٹر میں تربیت یافتہ عملہ تعینات کردیا گیا۔الیکشن کمیشن نے عوام کی شکایات کے اندراج اور ان کے فوری حل کے لیے 4 سطحوں پر کنٹرول سنٹر قائم کئے ہیں جس میں الیکشن کمیشن سیکرٹیریٹ اسلام آباد کے علاوہ صوبائی، ڈویڑنل اور ضلع سطح پر کنٹرول رومز قائم کیے ہیں۔عوام عام انتخابات کے سلسلے میں شکایت کے اندراج کے لیے EMCC سنٹر کے عملہ سے ای میل [email protected] پر رابطہ کے علاہ اپنی شکایات وٹس ایپ نمبر 0327-5050610 پر بھی بھجوا سکتے ہیں۔کمیشن نے عوام کی سہولت کے لیےEMCC میں ایک مخصوص ہیلپ لائن کی سہولت بھی دی ھے جس کا رابطہ نمبر111-327-000 ہے۔ابتدائی طور پر EMCCصبح 8 بجے سے شام6 بجے تک کام کرے گا تاہم وسط جنوری 2024 ء سے پولنگ کے دن 8 فروری اور نتائج کے موصول ہونے تک یہ سنٹر چوبیس گھنٹے کام کرے گا۔کنٹرول سنٹر میں سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا کی مانیٹرنگ کی سہولت بھی موجود ہے۔فیکس نمبر 051-9204403 کے ذریعے بھی شکایات بھیجی جا سکتی ہیں –