Chitral Times

Oct 4, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

توشہ خانہ فوجداری کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو 3 سال قید، ایک لاکھ روپے جرمانہ

شیئر کریں:

توشہ خانہ فوجداری کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو 3 سال قید، ایک لاکھ روپے جرمانہ

اسلام آباد(چترال ٹایمزرپورٹ)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ہفتہ کو عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف کی توشہ خانہ کیس ناقابل سماعت قرار دینے کی درخواست مسترد کر دی۔سماعت کے موقع پر عدالت نے آج چیئرمین پی ٹی ا?ئی کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔چیئرمین پی ٹی ا?ئی کو عدالت نے صبح ساڑھے 8 بجے طلب کیا تھا، تاہم وہ پیش نہیں ہوئے۔سماعت کے آغاز پر جج ہمایوں دلاور نے استفسار کیا کہ،کیا کوئی پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل آیا ہے؟ جج کی جانب سے توشہ خانہ کیس متعدد بار کال کیا گیا۔پی ٹی آئی کی جانب سے کسی کے پیش نہ ہونے پر جج نے الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز سے استفسار کیا کہ کیا کچھ کہیں گے؟ بعد ازاں کیس کی سماعت جب دوبارہ شروع ہوئی تو پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ خواجہ حارث احتساب عدالت میں موجود ہیں، تھوڑا وقت چاہیے۔الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ نہ صرف خواجہ حارث بلکہ چیئرمین پی ٹی آئی کو بھی آج حاضری کا کہا تھا۔جج ہمایوں دلاور نے پی ٹی آئی کے وکیل سے استفسار کیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عدالت کب آئیں گے؟ اس پر خالد یوسف نے کہا کہ خواجہ حارث سیشن عدالت آئیں گے، وہی تفصیلات بتائیں گے۔

 

جج ہمایوں دلاور نے کہا کہ مجھے کیس کا نام بتائیں جس میں خواجہ حارث مصروف ہیں اس پر وکیل نے کہا کہ خواجہ حارث چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانتوں کے کیس میں مصروف ہیں، فری ہو کر کچہری آجائیں گے۔اس پر الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ مجھے کسی نے بتایا ہے احتساب عدالت میں کیس کا معاملہ اڑھائی بجے ہے، خالد یوسف نے کہا کہ یہ الگ بات ہے احتساب عدالت میں جس وقت مرضی سماعت ہو۔جج نے کہا کہ اگر رات گئے تک خواجہ حارث پیش نہ ہوئے تو پھر کیا ہوگا؟سیشن عدالت نے ساڑھے 8 بجے خواجہ حارث کو بلایا تھا، پہلی کال پر ملزم نہ آئے تو ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوتے ہیں۔جج نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلیکی روشنی میں 12 بجے تک وقفہ کیا جاتا ہے، خواجہ حارث 12 بجیتک پیش نہ ہوئے تو سنے بغیر فیصلہ سنا دیا جائے گا۔سیشن عدالت میں توشہ خانہ کیس کی سماعت تیسرے وقفے کے بعد شروع ہوئی تو الیکشن کمیشن کے وکلا عدالت میں پیش ہوئے،جج نے پوچھا کہ کوئی پیش ہوا یا نہیں؟عدالت نے کہا کہ چوتھی سماعت میں بھی خواجہ حارث عدالت پیش نہیں ہوئے، میں فیصلہ محفوظ کرتا ہوں، ساڑھے 12 بجے سناؤں گا،تاہم چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نعیم پنجوتھا ضلع کچہری پہنچ گئے جس کے بعد تھوڑی دیر بعد خواجہ حارث بھی عدالت پہنچ گئے۔کیس کی سماعت شروع ہوئی تو خواجہ حارث نے کہا کہ کیا مجھے کچھ کہنے کی اجازت ہے؟ میں آپ کے خلاف ٹرانسفر درخواست دائرکر رہاہوں،اس پر جج ہمایوں دلاور نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی پر الزامات ثابت ہوتے ہیں، ان پر جھوٹے اثاثے ظاہر کرنے کا الزام ثابت ہوا، عدالت نے اپنے تحریری حکم میں کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کو الیکشن ایکٹ کی سیکشن 174کے تحت 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی جاتی ہے،اگر ایک لاکھ روپے جرمانہ نہیں دیں گے تو مزید 6 ماہ قید ہوگی۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان لاہور سے گرفتار

لاہور(سی ایم لنکس) توشہ خانہ کیس میں 3 سال قید کی سزا سنائے جانے کے بعد چیئرمین تحریک انصاف کو زمان پارک سے گرفتار کرلیا گیا۔ایس ایس پی سی آئی اے ملک لیاقت کی زیر سربراہی پولیس ٹیم نے عمران خان کو گرفتار کیا۔ ان کی عمران خان کے ساتھ گاڑی میں بیٹھے ہوئے تصویر بھی سامنے آگئی۔چیئرمین تحریک انصاف کو چئیرمین پی ٹی آئی کو براستہ موٹروے لاہور سے اسلام آباد منتقل کیا جارہا ہے۔ انہیں چئیرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل میں قید کیا جائے گا اور ہائی سیکورٹی زون میں لاک اپ میں رکھا جائے گا۔واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کارروائی کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

 

عمران خان کی گرفتاری کیخلاف پی ٹی آئی کا لاہور ہائیکورٹ سے رجوع

اسلام آباد(سی ایم لنکس) تحریک انصاف نے چیرمین عمران خان کی گرفتاری کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے عمر خان نیازی نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔ درخواست میں آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا ہے۔پی ٹی آئی چیئرمین کی گرفتاری کے خلاف درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پولیس نے انہیں غیرقانونی طور پر حراست میں لیا ہے۔ پولیس کے پاس کوئی فیصلہ نہیں تھا۔ عمران خان کو اغوا کیا گیا ہے۔عدالت سے درخواست کی سماعت آج مقرر کرنے اور عمران خان کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔اس سے قبل پی ٹی آئی نے توشہ خانہ کیس کا فیصلہ اعلیٰ عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ترجمان پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ توشہ خانہ مقدمے کے ذریعے نظامِ عدل کی پیشانی پر ایک اور سیاہ دھبّہ لگایا گیا۔ تاریخ کے اس بدترین ٹرائل میں ایک متعصب اور اخلاقی ساکھ سے محروم جج کے ہاتھوں انصاف کے قتل کی کوشش کی گئی اور تعصب کی سیاہ پٹیاں آنکھوں پر باندھ کر ٹرائل چلانے والے جج نے مقدمے کے حقائق کو مخصوص ایجنڈے کی بھینٹ چڑھایا۔ترجمان نے مزید کہا کہ سیشن عدالت کا فیصلہ سیاسی انتقام اور انجینئرنگ کی بدترین مثال ہے۔ ناقص، مضحکہ خیز اور ٹھوس قانونی بنیادوں سے محروم فیصلے کے ذریعے جمہور اور جمہوریت کیخلاف شرمناک یلغار کی گئی ہے۔ہمایوں دلاور کا فیصلہ لندن پلان کے تحت لیول پلیئنگ فیلڈ جیسے شرمناک اہداف کے حصول کی مایوس کن کوشش ہے۔قوم کے مقبول اور معتبر ترین سیاسی قائد کیخلاف سازش اور انتقام کی ایسی بھونڈی کوشش قوم ہرگز قبول نہیں کرے گی۔ فسطائیت کو میسّر عدالتی پناہ اور بدترین ریاستی جبر کے سامنے ہرگز سرنگوں نہیں ہوں گے اور فیصلے کو اعلیٰ عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔

 

راولپنڈی میں پولیس ہائی الرٹ، جج ہمایوں دلاور کی سیکورٹی میں اضافہ

راولپنڈی( چترال نٹایمزرپورٹ) چئیرمین پی ٹی آئی کا ٹرائل کرنے والے جج ہمایوں دلاور کی سیکورٹی میں اضافہ کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق جج ہمایوں دلاور کی سیکورٹی میں پولیس اسکواڈ میں اضافہ کردیا گیا، ان کے ساتھ دو پولیس اسکواڈ تعینات کردیے گئے۔جج ہمایوں دلاور کیخلاف فیس بک اکاؤنٹ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر منفی مہم بھی چلائی گئی تھی۔ادھر چئیرمین پی ٹی آئی کو سزا کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے ممکنہ ردعمل کے خدشے کے پیش نظر راولپنڈی پولیس کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔پولیس کی اضافی نفری مری روڈ پر تعینات ہے اور اینٹی رائٹ فورس کے دستے بھی الرٹ ہیں۔ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ ہے اور کسی سیاسی مذہبی جماعت کو گروہ بندی کی اجازت نہیں۔ قیدی وینز کو بھی مری روڈ کی جانب روانہ کردیا گیا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged ,
77589