Chitral Times

Oct 16, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

توانائی منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل کے لئے7.2 ارب روپے کا معاہدہ،صوبائی حکومت مزید 1200 میگاواٹ توانائی منصوبوں پر کام شروع کرے گی، صوبائی وزیر تیمور سلیم جھگڑا

Posted on
شیئر کریں:

توانائی منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل کے لئے7.2 ارب روپے کا معاہدہ
پہلی مرتبہ کارپوریٹ کمرشل فنانسنگ کے ذریعے بینکوں سے قرض لے کر منصوبوں کیلئے فنڈنگ کی جائے گی

صوبائی حکومت مزید 1200 میگاواٹ توانائی منصوبوں پر کام شروع کرے گی، صوبائی وزیر تیمور سلیم جھگڑا

پشاور (چترال ٹایمز رپورٹ) خیبر پختونخوا میں توانائی کے جاری منصوبوں کی تیز رفتار تعمیر ممکن بنانے کے لئے پہلی مرتبہ کارپوریٹ کمرشل فنانسنگ کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ توانائی و برقیات کے ذیلی ادارے پختونخوا انرجی ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن (پیڈو) نے کارپوریٹ حیثیت سے کمرشل بینکوں حبیب بینک لمٹیڈ اور بینک آف خیبر کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے جس کے ذریعے صوبے میں توانائی کے جاری منصوبوں کے لئے 7.2 ارب روپے کی مالی سہولت کے تحت قرضہ حاصل کر کے منصوبوں کے لیے فنڈ ز بڑھائے جائیں گے۔

اس حوالے سے پیڈو اور کمرشل بینکوں کے درمیان معاہدے پر دستخط کی تقریب پیڈو ہاوٗس پشاور میں منعقد ہوئی۔ جس میں صوبائی وزیر خزانہ و صحت تیمور خان جھگڑا،سیکرٹری توانائی و برقیات سید امتیاز حسین شاہ، چیف ایگزیکٹیو پیڈو انجینئر نعیم خان سمیت حبیب بینک اور خیبر بینک کے نمائندوں اور یو کے ایڈ فنڈڈ Sustainable Energy & Economic Development (SEED) پروگرام اور بریج فیکٹر کے مشیروں نے شرکت کی۔ صوبے میں پیڈو کو اعزاز حاصل ہے کہ پہلی مرتبہ کمرشل فنانسنگ فنڈنگ کے ذریعے کارپوریٹ حیثیت سے توانائی کے جاری منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل ممکن بنانے کے لئے کمرشل بینکوں سے 7.2 ارب روپے کا قرض لیاجائیگاجو کہ منصوبوں سے حاصل ہونے والی آمدنی سے واپس کیا جائے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر خزانہ و صحت تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ پیڈو اگلے چند سالوں میں مزید 1200 میگاواٹ کے توانائی منصوبوں پر کام شروع کریگا۔جس کے لئے صوبائی ہائیڈل ڈیویلپمنٹ فنڈ کے علاوہ کارپوریٹ کمرشل فنانسنگ فنڈز حاصل کرناانتہائی ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پیڈو صوبے میں سستی اور ماحول دوست بجلی کی پیداوار کے لئے سرگرم ہے۔ جبکہ صنعتی شعبے کی ترقی اور روزگار فراہمی کیلئے ویلنگ ماڈل کو وسعت دی جائے گی۔ تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تیمور جھگڑانے کہا کہ مذکورہ معاہدے سے پیڈو مالی طور پر خود مختارادارے کے طور پر سامنے آئے گاجس سے ادارے کی کارکردگی پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔

سیکرٹری تونائی سید امتیاز حسین شاہ اور چیف ایگزیکٹو پیڈو انجینئر نعیم خان نے تقریب میں شریک مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ خیبر پختونخواتوانائی سے مالا مال صوبہ ہے۔ پیڈو صوبے میں پانی سے سستی بجلی پیدا کرنے کے لئے متعدد منصوبوں پر تیزی سے کام کر رہا ہے۔ پیڈو کے جاری منصوبوں سے صوبے کو سالانہ اربوں روپے کی آمدن ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کمرشل فنانسنگ کے ذریعے توانائی کے جاری منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل ممکن ہو گی جس سے صوبے کی معیشت پر گہرے مثبت اثرات مرتب ہونگے۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
60264