تحریک انصاف کے ممکنہ احتجاج پر بھی حملہ ہوسکتا ہے، نیکٹا کا تھریٹ الرٹ جاری
تحریک انصاف کے ممکنہ احتجاج پر بھی حملہ ہوسکتا ہے، نیکٹا کا تھریٹ الرٹ جاری
اسلام آباد(سی ایم لنکس)نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے تحریک انصاف کے اسلام آباد میں احتجاج کے دوران ممکنہ دہشت گردی کے پیش نظر تھریٹ الرٹ جاری کردیا۔نیکٹا کی جانب سے جاری کردہ تھریٹ الرٹ کے مطاب اسلام آباد میں پی ٹی آئی احتجاج کے دوران فتنہ الخوارج کی دہشت گردی کا خطرہ ہے اور اس کے ارکان پاکستان کے بڑے شہروں میں حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔حملے کی غرض سے کئی حملہ آور پہلے سے ہی پاک، افغان سرحد پار کرچکے ہیں۔حملہ آور 19 اور 20 نومبر کی رات مختلف شہروں میں داخل ہوئے اور دہشت گردوں کی جانب سے جلسے جلوسوں کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ احتجاج پر بھی حملہ ہوسکتا ہے۔نیکٹا کی جانب سے فتنہ الخوارج کے خطرے کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنیکی ہدایات کی گئی ہے۔
حکومت سے مذاکرات بانیء پی ٹی آئی کی رہائی کے بعد ہونگے: وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا
پشاور( چترال ٹائمزرپورٹ)وزیرِ اعلی خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ حکومت سے مذاکرات کا آغاز بانی ء پی ٹی آئی کی رہائی کے بعد ہو گا۔نجی ٹی وی سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا جو حکم ملا ہے اس پر ہر صورت میں عمل کروں گا، میرا اختیار بانیء پی ٹی آئی کے پاس ہے جو وہ کہیں گے کروں گا۔انہوں نے کہا کہ میں اور پی ٹی آئی کارکن ہر صورت میں ڈی چوک پر پہنچیں گے، بانیء پی ٹی آئی اور دیگر قیدیوں کی رہائی اور مطالبات کی منظوری تک اسلام آباد میں رہیں گے۔وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا نے کہا کہ گزشتہ احتجاج میں بھی راستے بند ہونے کے باوجود اسلام آباد پہنچے تھے۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وفاق اور پنجاب حکومت نے بوکھلاہٹ میں موٹر وے اور شاہراہیں بند کر دی ہیں، ہمارا احتجاج پْرامن ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت ملک کو بلاک کر کے عوام کو تکلیف پہنچا رہی ہے۔
عمرے کی آڑ میں گداگری کرنے والے 10 ملزمان گرفتار
کراچی(سی ایم لنکس)ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ائیرپورٹ پر عمرے کی آڑ میں گداگری کرنے والے 10 افراد کو گرفتارکرلیا۔ایف آئی اے کے مطابق عمرے کی آڑ میں گداگری کرنے والے افراد میں 7 خواتین اور ایک ایجنٹ بھی شامل ہے۔ گرفتار ملزمان میں محمد نواز، رحمت اللہ، نظام الدین، صغرا خاتون، ہاضرہ خاتون، امام زادی، ماروی خاتون، مائی امیراں، زرینہ اور مائی خانل شامل ہیں۔ملزمان کا تعلق رحیم یار خان، ٹنڈواللہ یار اور سکھر سے ہے۔ ملزمان عمرہ ویزہ پر سعودی عرب جا رہے تھے۔ گرفتار ملزم محمد نواز نے خود کو دیگر ملزمان کا رشتے دار ظاہرکیا۔ دوران تفتیش دیگرملزمان نے انکشاف کیا کہ ملزم محمد نواز ایجنٹ ہے۔ ملزم محمد نواز نے تمام مسافروں کی سفری دستاویزات کا بندوبست کیا۔ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان سعودی عرب گداگری کے غرض سے جا رہے تھے۔ گرفتار ملزمان عمرہ ادا کرنے کی بنیادی طریقہ کار سے مکمل طور پر نا واقف تھے۔ ملزمان رہائش اور ہوٹل بکنگ کے حوالے سے کسی قسم کی دستاویزات دینے میں ناکام رہے۔ ملزمان کے پاس سفری اخراجات کے لئے کسی قسم کی رقوم نہ تھی۔ گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کاروائی کے لیے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔