Chitral Times

Oct 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

تاریخی شندور پولو فیسٹیول کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دی جائے۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری

Posted on
شیئر کریں:

تاریخی شندور پولو فیسٹیول کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دی جائے۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری
تمام سٹیک ہولڈرز جامع پلان مرتب کرکے شندور پولو میلے کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنائے۔ ندیم اسلم چوہدری
پولو میلے سے پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا کا مثبت پہلو اجاگر ہوگا۔ چیف سیکرٹری

پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے ہدایت کی ہے کہ روایتی شندور پولو فیسٹیول کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دی جائے صوبے کے اس منفرد میلے کے کامیاب انعقاد کے لئے بہترین اقدامات اٹھائے جائیں۔ یہ ہدایات چیف سیکرٹری نے شندور پولو فیسٹیول کے لئے تیاریوں کے حوالے سے پشاور میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں متعلقہ انتظامی سیکرٹریز، ایف سی نارتھ، ڈی جی خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورزم اتھارٹی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ جبکہ کمشنرز مالاکنڈ، ریجنل پولیس آفیسر مالاکنڈ، کمانڈنٹ چترال سکاوٹس، ڈپٹی کمشنرز اپر اور لوئر چترال ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شامل ہوئے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ دنیا کے بلند ترین گراونڈ شندور میں ہر سال کی طرح امسال بھی 7 جولائی سے 9 جولائی تک تاریخی شندور پولو میلہ منعقد کیا جائے گا۔ پولو کے میدان میں 12,264 فٹ کی بلندی پر منعقد ہونے والا یہ تاریخی میلہ خیبرپختونخوا کا اپنی نوعیت کا ایک منفرد میلہ ہے۔جس کے لئے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

 

مقامی و غیرملکی سیاحوں، سول و عسکری حکام، میڈیا کے نمائندوں، مقامی لوگوں کی رہائش کے لئے خیمہ بستییاں اور واش رومز کو قائم کیا جا رہا ہے میلے میں پولو کے مقابلوں کے علاوہ پیراگلائڈنگ، مقامی موسیقی اور روایتی رقص سے بھی سیاح محظوظ ہو سکیں گے۔ چیف سیکرٹری نے سیکرٹری خزانہ کو پولو فیسٹیول کے لئے درکار فنڈز کی فراہمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ موجودہ معاشی حالات میں وسائل شفافیت کے ساتھ استعمال ہوں۔ نیشنل ھائی ویز اتھارٹی شندور پولو گراونڈ تک جانے والی سڑک کا جائزہ لے کر ٹریفک کے لئے قابل استعمال بنائے اور جن جگہوں پر ندی نالوں میں طغیانی کی وجہ سے روڈ کی بندش کا خدشہ ہو وہاں بھاری مشینری کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ اسی طرح سیاحوں کی سہولت اور محفوظ سفر کے لیے ایڈوائزری بھی جاری کی جائے تاکہ انہیں زحمت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ چیف سیکرٹری نے مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز اور پولیس اس حوالے سے جامع پلان مرتب کریں۔ انہوں نے کہا کہ فیسٹیول میں صفائی ستھرائی کے انتظام، کچرا ٹھکانے لگانے اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق میلے میں خوراک کی فراہمی کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ تاریخی شندور پولو میلے کے کامیاب انعقاد کے لئے بھر پور توانائیاں صرف کی جائے کیونکہ اس سے دنیا بھر میں پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا کا مثبت پہلو اجاگر ہوگا۔

chitraltimes shandur festival meeting chaired by Chief secretary


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریں, گلگت بلتستانTagged
75487