بیرون ملک وفات پانے والے پاکستانیوں کے جسد خاکی کی آبائی علاقوں میں مفت منتقلی کے لیے ایمبولینس سروس کا آغاز
بیرون ملک وفات پانے والے پاکستانیوں کے جسد خاکی کی آبائی علاقوں میں مفت منتقلی کے لیے ایمبولینس سروس کا آغاز
پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ریلیف، بحالی اور آبادکاری ملک نیک محمد خان نے بیرون ملک وفات پانے والے پاکستانیوں کے جسد خاکی کو ان کے آبائی علاقوں تک مفت منتقل کرنے کے لیے ایک خصوصی ایمبولینس سروس کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کو مالی اور انتظامی سہولت فراہم کرنا ہے۔خصوصی معاون برائے ریلیف ملک نیک محمد خان داوڑ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس سروس کی منظوری گزشتہ کابینہ اجلاس میں دی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ”ہم عوامی فلاح و بہبود کے عزم کے تحت یہ مفت ایمبولینس سروس شروع کر رہے ہیں، جس کے ذریعے بیرون ملک وفات پانے والے پاکستانیوں کے جسد خاکی کو ان کے گھر والوں اور آبائی علاقوں تک عزت و احترام کے ساتھ پہنچایا جائے گا۔یہ سروس اسلام آباد اور باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاور پر 24 گھنٹے دستیاب ہوگی، جہاں دونوں ہوائی اڈوں پر ایمبولینسز کو متعین کیا جائے گا تاکہ بیرون ملک سے آنے والے جسد خاکی کی فوری منتقلی ممکن ہو سکے۔ یہ سروس بغیر کسی معاوضے کے گھر تک پہنچانے کے تمام مراحل کا احاطہ کرے گی۔مزید برآں، ایئرپورٹ پر تین مخصوص ایمبولینس پارکنگ ایریاز، عملے کی رہائش اور سہولیات کے لیے ایک خصوصی ڈیسک بھی قائم کیا جائے گا، تاکہ سروس کو بہتر انداز میں اور فوری ردعمل کے ساتھ فراہم کیا جا سکے۔
ملک نیک محمد خان نے مزید کہا کہ ریسکیو 1122 نے اس سروس کی بروقت فراہمی کے لیے اسلام آباد ایئرپورٹ انتظامیہ سے ایمبولینسز اور عملے کے لیے جگہ فراہم کرنے کی درخواست کر دی ہے۔ اس انتظام کے تحت ریسکیو 1122 کی ٹیمیں کسی بھی وقت مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہوں گی جیسے ہی جسد خاکی ایئرپورٹ پر پہنچیں۔یہ مفت ایمبولینس سروس صوبائی حکومت کے پاکستانی اوورسیز شہریوں کے لیے خدمت اور ان کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کے عزم کی عکاس ہے۔