
بیرون ملک ملازمت فراہم کرنیوالی جعلی اور بغیر لائسنس کمپنیوں کیخلاف سخت اقدامات کا حکم
بیرون ملک ملازمت فراہم کرنیوالی جعلی اور بغیر لائسنس کمپنیوں کیخلاف سخت اقدامات کا حکم
اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیراعظم نے بیرون ملک ملازمت فراہم کرنے والی جعلی اور بغیر لائسنس کمپنیوں کے خلاف سخت اقدامات کا حکم دے دیا۔پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے حوالے سے اہم اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اْڑان پاکستان منصوبے سے ملک بھر میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور اس کے لیے نوجوانوں کو پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے آراستہ کرنا ناگزیر ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ تکنیکی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے فروغ کے لیے نیووٹیک اور پرائم منسٹر یوتھ اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام اپنا کردار ادا کرے۔ حکومت نجی شعبے کو فروغ دے کر ملک میں بے روزگاری کا سد باب کرنے کی پالیسی پر سرگرم عمل ہے۔ پاکستان کا مستقبل آئی ٹی شعبے کی ترقی سے منسلک ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو بیرون ملک ملازمت فراہم کرنے کے لیے دوست ممالک کی مارکیٹوں کے تقاضوں کے مطابق لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کی اور بیرون ملک ملازمت فراہم کرنے والی جعلی اور لائسنس کے بغیر کمپنیوں کے خلاف سخت اقدامات لینے کا حکم بھی دیا۔
وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ عنقریب نوجوانوں کے لیے وزیر اعظم ڈیجیٹل یوتھ ہب کے نام سے ایک پلیٹ فارم قائم کیا جارہا ہے، جس سے نوجوانوں کو ملازمتوں اور دیگر خدمات کے حوالے معلومات فراہم کی جائیں گی۔وزیراعظم نے اس حوالے سے ڈیجیٹل یوتھ ہب کو عوام کے لیے آسان بنانے کے لیے انگریزی کے ساتھ ساتھ تمام مقامی زبانوں میں بھی متعارف کرانے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم کو پرائم منسٹر یوتھ ایمپلائمنٹ پلان، افرادی قوت کو بین الاقوامی مارکیٹ میں درکار صلاحیتوں سے آراستہ کرنے کے لیے اقدامات اور دیگر منصوبوں کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔
جنگلی جانوروں پر تشدد سمیت دیگر جرائم؛ پنجاب میں الگ عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ
لاہور(سی ایم لنکس)پنجاب میں جنگلی جانوروں پر تشدد، قبضے سمیت دیگر جرائم پر کارروائی کے لیے الگ عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جنگلی جانوروں سے متعلق جرائم کی خلاف ورزی پر 50لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا۔پنجاب اسمبلی کی مجلس قائمہ نے جنگلی حیات کے تحفظ کے قانون میں ترامیم کی منظوری دے دی۔سینیئر صوبائی اور وائلڈ لائف کی وزیر مریم اورنگزیب نے ترامیم سے متعلق چیئرمین محمد عدنان ڈوگر کی صدارت مجلس قائمہ کو بریفنگ دی۔وائلڈ لائف ایکٹ 1974 میں 14 سال بعد ترامیم منظور کی گئی ہیں جس کے بعد پنجاب میں جنگلی جانوروں کے تحفظ اور افزائش کے نظام کو عالمی معیار کے مطابق بنانا ممکن ہوگیا۔ جنگلی جانوروں پر تشدد کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں آئے گی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئی ترامیم کے ذریعے جنگلی حیات سے متعلق علاقوں کو قانونی تحفظ مل گیا، ترامیم کے تحت ”پروٹیکٹڈ ایریاز اینڈ وائلڈ لائف مینجمنٹ“ کا ایک ہی بورڈ کام کرے گا۔
بورڈ کی چیئرپرسن وزیر وائلڈ لائف، سیکرٹری وائلڈ لائف وائس چیئرمین اور ڈی جی اس کے سیکرٹری ہوں گے۔نئے قانون کے تحت جنگلی حیات کے تحفظ کی فورس قائم ہوگی جو جنگلی جانوروں کے تحفظ کو یقینی بنائے گی، جنگلی جانوروں کی افزائش، علاج اور تحفظ کے لیے خصوصی مراکز قائم ہوں گے۔مریم اورنگزیب نے بتایا کہ جنگلی جانوروں کی نگرانی، تحفظ کے لیے پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ڈرون اور جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی، پنجاب میں جنگلی جانوروں اور اْن کے رہائشی علاقوں کا مکمل سروے ہوگا، مرکز تحفظ بھی بنے گا۔ جنگلی جانوروں سے متعلق شکایات، تحفظ اور اطلاعات کے لیے خصوصی ہیلپ لائن 1107 بھی قائم کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں جنگلی حیات کے تحفظ اور عالمی سیاحت کے فروغ کے لیے ایک ارب 73 کروڑ روپے کی لاگت سے جامع منصوبہ شروع کیا گیا ہے، پنجاب کے پہلے سب سے بڑے تھری ڈی وائلڈ لائف سینما، موونگ تھیٹر اور سیاحت کے منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے۔سیاحت کے لیے اچھالی، بانسرہ گلی چھانگا مانگا کو استعمال میں لانے کا منصوبہ تیار ہوگیا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنگلی جانوروں کے علاج کے لیے بڑا اسپتال بنایا جائے گا جس پر ایک ارب 47 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ 60 ملین روپے سے جنگلی حیات کے شعبے میں نوجوانوں کے لیے انٹرشپ پروگرام شروع کیا جا رہا ہے، لاہور کے مرکز میں 800ملین سے جنگلی حیات کے تحفظ کے تصور کو اجاگر کرنے کے لیے تعلیمی اور نمائش مرکز پر کام کر رہے ہیں۔ 360 ڈگری ورچوئل چڑیا گھر، وائلڈ لائف ڈیجیٹل نقشہ اور پنجاب وائلڈ لائف معلوماتی کتاب کی اشاعت پر کام جاری ہے۔مجلس قائمہ کی جانب سے پنجاب حکومت کی وزارتوں اور محکموں سے متعلق سینیئر وزیر کی بریفنگ کا خیر مقدم کیا گیا۔ مجلس قائمہ کے ارکان کی جانب سے وزیراعلی مریم نوازشریف کی جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے اقدامات کو قابل تحسین قرار دیا گیا۔چیئرمین محمد عدنان ڈوگر نے مجلس قائمہ کی جانب سے جنگلات اور جنگلی حیات کے لیے بہترین کاوشوں پر مریم اورنگزیب کو خراج تحسین پیش کیا۔ محمد عدنان ڈوگر نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدامات کی قومی اور بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ہو رہی ہے۔