Chitral Times

Oct 13, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے خیبر پختونخوا حکومت کا ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ 

Posted on
شیئر کریں:

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے خیبر پختونخوا حکومت کا ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) خیبر پختونخوا حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کے لئے ایک اہم اقدام کے طور پر ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید کی سہولت فراہم کردی ہے۔ یہ سہولت بیرون ملک مقیم ان پاکستانیوں کے لئے دستیاب ہوگی جن کو خیبر پختونخوا ٹریفک پولیس کی طرف سے ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے ہیں۔ خیبر پختونخوا، سمندر پار پاکستانیوں کے لئے یہ سہولت فراہم کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کے لئے بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے متعلقہ سفارتخانے کے توسط سے بذریعہ ای میل درخواستیں دے سکتے ہیں جبکہ درخواست گزاروں کی دستاویزات کے نقول کی تصدیق کے بعد تجدیدی ڈرائیونگ لائسنس کا اجراء کردیا جائےگا۔ تجدید شدہ ڈرائیونگ لائسنس درخواست گزار کے نامزد کردہ مقامی شخص کے حوالے کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ٹریفک پولیس خیبر پختونخوا بیرون ملک پاکستانی سفارتی مشنز کو آگاہ کرنے کے لئے وزارت خارجہ کو مراسلہ ارسال کردیا ہے۔ مختلف ممالک میں تعینات پاکستانی سفارتی مشنز کی طرف سے خیبر پختونخوا حکومت کے اس اہم اقدام کو بے حد سراہا گیا ہے۔ پاکستانی سفارتی مشنز نے دوسرے صوبوں پر بھی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے اس سہولت کی فراہمی پر زور دیا ہے۔ اس ضمن میں یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید کی سہولت سمندر پار پاکستانیوں کا دیرینہ مطالبہ تھا، خیبر پختونخوا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو یہ سہولت فراہم کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا ہے۔بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا اثاثہ ہیں، خیبر پختونخوا حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے صوبائی حکومت سے جڑے مسائل حل کرنے اور انہیں درکار تمام سہولیات کی فراہمی کے لئے پر عزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے وقت اور وسائل کی بچت کے ساتھ ساتھ سہولت بھی دستیاب ہو گی۔

chitraltimes letter regarding online renewal of licences for overseas pakistanis by khyber pakhtunkhwa kp govt


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
86738