
بھارت کے کسی بھی فوجی مس ایڈوینچر کا فوری، مضبوط اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر
بھارت کے کسی بھی فوجی مس ایڈوینچر کا فوری، مضبوط اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر
راولپنڈی ( چترال ٹائمزرپورٹ ) چیف آرمی اسٹا ف جنرل سید عاصم منیر، NI (M) نے آج ٹِلا فیلڈ فائرنگ رینجز (TFFR) کا دورہ کیا اور مشق ہیمر اسٹرائیک کا مشاہدہ کیا جو کہ پاکستان آرمی کی منگلا اسٹرائیک کور کی جانب سے کی جانے والی ایک انتہائی شدت کی فیلڈ ٹریننگ مشق ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے منگلا اسٹرائیک کور کی جنگی مشقوں کا معائنہ کیا، انہوں نے ہیمر اسٹرائیک مشق کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے پاکستان کی مسلح افواج کے اس غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا کہ ہر قیمت پر ملک کی خودمختاری اور سالمیت کا دفاع کیا جائے گا۔انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ بھارت کے کسی بھی فوجی مس ایڈوینچر کا فوری، مضبوط اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، لیکن قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہماری تیاری اور عزم مکمل اور غیر متزلزل ہے۔
جنرل منیر نے اسٹرائیک کور کے جوانوں کی پیشہ ورانہ قابلیت، جنگی تیاری، اور جارحانہ جذبے کو سراہا۔ انہوں نے فضائیہ، آرمی ایوی ایشن، اور زمینی دستوں کے درمیان مشقوں کے دوران دکھائی گئی ہم آہنگی کی بھی تعریف کی۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان آرمی موجودہ اور ابھرتے ہوئے چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہے اور دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
اس موقع پر، جنرل منیر کو منگلا کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا نے خوش آمدید کہا اور اسٹرائیک کور کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر اعلیٰ فوجی قیادت اور فارمیشن کمانڈرز نے مشق کا مشاہدہ کیا۔