بقایاجات کی ادائیگی تک ڈسٹرکٹ کپ اورشندورپولوٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لینگے..پولوایسوسی ایشن
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) 12جون سے پولو گراونڈ چترال میں شروع ہونے والی ڈسٹرکٹ کپ پولو ٹورنامنٹ میں ضلع بھر سے 79پولو ٹیمیں حصہ لیں گے۔ میچوں کا شیڈول مرتب کرنے کے لئے ٹاؤن ہال چترال میں پیر کے روز قرعہ اندازی ہوئی جس کی نگرانی ڈسٹرکٹ افیسر (فنانس) حیات شاہ اور ڈسٹرکٹ پولو ایسوسی ایشن کے صدر شہزادہ سکندرالملک کررہے تھے جبکہ ڈسٹرکٹ اسپورٹس افیسر عبدالرحمت اور مختلف ٹیموں کے کپتان بھی اس موقع پر موجود تھے۔اس موقع پر پولو کے کھلاڑیوں نے اجلاس بھی منعقد کرتے ہوئے اعلان کیاکہ اگر گزشتہ سال کے ڈسٹرکٹ کپ پولو ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو 8000روپے گھوڑا الاونس، شندور کپ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو ایکسٹرا الاؤنس اور مہمان خصوصی کی طرف سے اعلان کردہ انعام کی رقوم 10جون تک ادا نہیں کئے گئے تو اس ٹورنامنٹ اور جولائی میں منعقد ہونے والا شندور کپ ٹورنامنٹ کی بائیکاٹ کرنے پر مجبور ہوں گے۔ اس موقع پر حیات شاہ نے کھلاڑیوں کو یقین دلایا کہ وہ ان کے مطالبات کو بالائی حکام تک پہنچائیں گے۔