بریپ کے مشہور مقدمہ قتل کے ملزم نے عدالت میں صحت جرم سے انکار کردیا
مستوج( نمائندہ چترال ٹائمز) بریپ گاؤں کے مشہور مقدمہ قتل میں ملزم سید شہاب نے عدالت کے روبرو اپنی اقبالی بیان سے پھر گئے اور صحت جرم سے انکار کردیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم نے پولیس کی حراست میں دوران تفتیش نہ صرف اسلم بیگ ولد پردوم بیگ ساکن بریپ کو قتل کرنے کا اقرار کیا تھا بلکہ سول گواہان کی موجودگی میں جائے وقوعہ کی نشاندہی بھی کی تھی۔ اپنے اقبالی بیان میں ملزم نے اقرار کیا تھا کہ اس نے مقتول کی بیوی زاکرہ کے ساتھ مل کر انہیں قتل کرنے کا منصوبہ بنایا اور اس سال 4اپریل کی رات ان کی بیوی (زاکرہ ) کے ذریعے نشہ آؤر مشروب پلاکر ان کا گلہ گھونٹ کر قتل کردیا جسے ان کی بیوی نے ہارٹ اٹیک کا رنگ دیا جس پر ان کی ناگہانی موت کی کوئی تفتیش نہیں ہوئی۔ گزشتہ 10اکتوبر کو اس وقت مقتول کے گھروالوں کا شک یقین میں بدل گئی جب عدت کے پورے ہونے کے دن زاکرہ نے سید شہاب سے شادی کرلی جس پر دونوں کے خلاف مقدمہ درج کی گئی تھی۔