بدعنوانی کے خلاف عوام میں شعور اجاگر کرنے اور اس ناسور کے خاتمے کے لئے نیب کا کردار قابل ستائش ہے،۔نگران وزیراعلیِ جسٹس (ر) ارشد حسین
پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے کہا ہے کہ بدعنوانی کے خلاف عوام میں شعور اجاگر کرنے اور اس ناسور کے خاتمے کے لئے نیب کا کردار قابل ستائش ہے، نیب کی کوششوں سے صوبائی خزانے کو اربوں روپے کی بچت ہوئی ہے جس کے لئے نیب حکام مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل وقار احمد چوہان کی قیادت میں چیئر مین نیب کے وژن کے مطابق نیب خیبرپختونخوا میں اصلاحات کا جو عمل شروع کیا گیا ہے وہ لائق تحسین ہے ان اصلاحات پر عملدرآمد کے نتیجے میں ادارے کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا اور عوام میں نیب کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ نگران صوبائی حکومت نے بڑے ترقیاتی منصوبوں کے ابتدائی مراحل ہی سے نیب حکام کو بطور شراکت دار شامل کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ نہ صرف بدعنوانی کا ابتداءہی سے تدارک ممکن ہو بلکہ سرکاری معاملات میں حد درجہ شفافیت بھی یقینی ہو اور سرکاری حکام میں اعتماد کو فروغ ملے۔ وہ گزشتہ روز نیب ہیڈ کوارٹر پشاور کے دورے کے موقع پر نیب افسران سے خطاب کررہے تھے۔ ڈائریکٹر جنرل نیب خیبرپختونخوا وقار احمد چوہان، نگران وزیر اعلیٰ کے ترجمان بریگیڈیئر ریٹائرڈ سید مجتبیٰ ترمذی اور وزیر اعلیٰ کمپلینٹ سیل کے انچارج جمیل سواتی بھی اس موقع پر موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ بدعنوانی ایک ایسی معاشی و معاشرتی بیماری ہے جو کسی بھی قوم یا معاشرے کیلئے دیمک کی طرح ہوتی ہے ، یہ قوم کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے،کرپشن ایک ایسا قبیح عمل ہے جس کی وجہ سے ترقیاتی و اصلاحاتی سرگرمیاں ماند پڑ جاتی ہیں، نظام پر عوام کا اعتماد اٹھ جاتا ہے، وسائل کا ارتکاز جنم لیتا ہے ، نتیجتاًمعاشرے میں عدم مساوات، عدم انصاف اور ظلم کو فروغ ملتا ہے اس لئے بدعنوانی کا تدارک ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ شفافیت کا فروغ اور بدعنوانی کا خاتمہ نگران صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست رہاہے، خوشحال پختونخوا پروگرام کے تحت مختلف شعبوں میں اصلاحات متعارف کرائی گئیں جبکہ گڈ گورننس کے فروغ کے ساتھ ساتھ بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنایا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نیب خیبر پختونخوا وقار احمد چوہان نے نیب میں متعارف کرائی گئی اصلاحات اور نیب کی کارکردگی کے بارے میں وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا۔ بدعنوانی کے جڑ سے خاتمے کے لئے نگران وزیر اعلیٰ کے وژن اور اقدامات کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وژن پر عملدرآمد کے ذریعے نہ صرف سرکاری محکموں میں بدعنوانی کے ناسور کا جڑ سے خاتمہ ممکن ہوگا بلکہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی بلا تاخیر تکمیل بھی یقینی ہوگی۔
نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کا گزشتہ روز مردان کے علاقہ کاٹلنگ میں پولیس مقابلے میں ایس پی اعجاز خان کی شہادت پر افسوس کا اظہار
پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے گزشتہ روز مردان کے علاقہ کاٹلنگ میں پولیس مقابلے میں ایس پی اعجاز خان کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلی نے شہید کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات- کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ نگران وزیر اعلیٰ نے مقابلے میں زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایس پی اعجاز خان نے دہشتگردوں کے ساتھ بہادری سے مقابلہ کرکے جام شہادت نوش کیا،شہید ایس پی اعجاز خان اور پولیس کے دیگر شہداءکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پولیس کے افسران اور جوانوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں، خیبر پختونخوا پولیس کی تاریخ ایسی قربانیوں سے بھری پڑی ہے، صوبائی حکومت اور صوبے کے عوام پولیس کی ان قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وزیر اعلی نے یقین دلایا ہے کہ صوبائی حکومت شہید کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔