بجلی چوری کیخلاف کریک ڈاؤن میں 118 ارب سے زائد وصول، ہزاروں گرفتاریاں
اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ) ملک میں بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن میں 118 ارب روپے سے زائد رقم وصول اور ہزاروں گرفتاریاں کی گئی ہیں۔معیشت کی بحالی کے لیے حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ انسداد بجلی چوری مہم بھی زور و شور سے جاری ہے۔ عوام کو بجلی کے بحران سے نکالنے کے لیے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اقدامات کے ثمرات نظر آ رہے ہیں۔بجلی چوروں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن میں ملک بھر سے اب تک 118 ارب 93 لاکھ روپے وصول کیے جا چکے ہیں جب کہ اس دوران 85 ہزار 330 سے زائد بجلی چوروں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔رواں ہفتے کے دوران متعلقہ اداروں نے لاہور، گجرانوالہ، فیصل آباد، اسلام آباد، ملتان، پشاور، حیدرآباد، سکھر،کوئٹہ اور دیگر علاقوں میں بجلی چوروں سے 3 ارب روپے سے زائد رقم وصول کی۔ ستمبر کے رواں ہفتے کے دوران متعلقہ اداروں نے 687 بجلی چور گرفتار کیے ہیں۔متعلقہ ادارے ملک بھر سے بجلی چوروں کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔
شمالی وزیرستان میں ماڑی پیٹرولیم کا چارٹرڈ ہیلی کاپٹر اڑان بھرتے ہی گرگیا
میرانشاہ(سی ایم لنکس)شمالی وزیرستان میں ماڑی پیٹرولیم کمپنی کا چارٹرڈ ہیلی کاپٹر، شیوہ آئل فیلڈ کے نزدیک اڑان بھرتے ہی تکنیکی فالٹ کی وجہ سے کریش کرگیا، ایم آئی 8 ہیلی کاپٹر میں تین غیر ملکی روسی پائلٹس اور کریو سمیت 14 مسافر سوار تھے۔ذرائع کے مطابق ہیلی کاپٹرگرنے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے، زخمیوں کو جائے حادثہ سے سی ایم ایچ تھل پہنچا دیا گیا ہے اور تھل سے زخمیوں کو بذریعہ ہیلی کاپٹر منتقل کیا جا رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ انجن کے فیل ہونے کی وجہ سے ہوا، کسی بھی قسم کی تخریب کاری کے شواہد نہیں ملے، ہیلی کاپٹر میں اڑان بھرتے ہی تکنیکی فالٹ ہوا، ایمرجنسی لینڈنگ کرتے ہوئے ہیلی کاپٹر کا ٹیل روٹر زمین سے ٹکرا گیا تاہم حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔