بجلی بحالی پر کام جاری ہے بہت جلدبجلی کی دوبارہ ترسیل شروع ہوگی، وزیرزادہ اینڈ سرتاج احمد
پشاور(نمائندہ چترال ٹائمز) ایم پی اے چترال وزیر زادہ اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنما سابق تحصیل ناظم سرتاج احمد خان نے کہا ہے کہ چترال کیلئے بجلی کی ترسیل لواری ٹاپ پر بجلی کے پانچ کھمبے برفباری میں گرنے کیوجہ سے بند ہے ۔ جس کیوجہ سے گولین گول بجلی گھر کی کمپیوٹرائزڈ سسٹم بھی متاثر ہوگیا ہے ۔ جن کی دوبارہ بحالی کیلئے کام شروع کردیا گیاہے ۔ اور جمعہ کے دن پیسکو اہلکاروں کے ساتھ رضاکاروں اور مزدوروں کے زریعے سامان ٹاپ پر پہنچائے جائیں گے۔چترال ٹائمزڈاٹ کام سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ اس مسئلے کی فوری حل کیلئے انھوںنے چیف منسٹر سیکریٹریٹ پشاور سے احکامات اور ہدایات متعلقہ حکام تک پہنچائے ہیں ۔ اور موقع پر ایم پی اے وزیر زادہ سے پی ڈی گولین گول کی ٹیلی فونک رابطہ بھی کرائی گئی ۔ اور واپڈا اہلکاروں کومقامی ریڈیواسٹیشن سے بجلی کی بندش حوالے سے چترال کے عوام کو درست صورت حال سے اگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ۔ وزیر زادہ اور سرتاج احمد خان نے بتایا کہ واپڈاحکام نے انھیں یقین دہانی کی ہے کہ بجلی کی فوری بحالی پر کام جاری ہے جبکہ اس کے مستقبل حل کیلئے بھی چائناسے ماہرین کو بلوایا گیا ہے جو چترال پہنچ کر اس سسٹم کو مکمل درست سمت پر چلاکر جائیں گے تاکہ آئندہ اسی طرح لمبے عرصے کیلئے بجلی بند نہ ہو ۔
دریں اثنا چاردنوں سے بجلی کی بندش کے خلاف دروش میں زبردست مظاہرہ کیا گیا . اور جمعہ کے دن دوبارہ احتجاجی جلسہ منعقد کیا جائیگا. اسی طرح اپر چترال کے لوگوںمیںبھی بجلی کی بندش کے خلاف زبردست اشتعال پایا جاتاہے . گزشتہ دن تورکہو ورکوپ کے مقام پر بھی برفباری کے باوجود احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور حکومت کو ڈیڈ لائن دیتے ہوئے بجلی کی فوری بحالی اور ناروا لوڈشیڈنگ کو ختم کرنےکامطالبہ کیا گیا .