
بالائی علاقوں میں برفباری، سردی بڑھ گئی، چترال، کوہستان اور سوات میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری کی پیشنگوئی
بالائی علاقوں میں برفباری، سردی بڑھ گئی، چترال، کوہستان اور سوات میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری کی پیشنگوئی
اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ) ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ محکمہء موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شمال مشرقی پنجاب، خیبر پختو نخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر ہلکی بارش اور برف باری بھی ہو سکتی ہے۔ملک کے شمالی علاقوں میں بھی برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔نیلم آزاد کشمیر کے سیاحتی مقامات پر وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ برف باری کے باعث کیل تاؤبٹ مرکزی شاہراہ سمیت شونٹھر ویلی کی سڑکیں بند، مواصلاتی نظام متاثر اور انٹرنیٹ سروسز معطل ہے۔محکمہء موسمیات کے مطابق خیبر پخون خوا میں دیر، چترال، کوہستان اور سوات میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری ہو سکتی ہے۔ادھر شمالی بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد، خشک اور مطلع جزوی ابر آلود ہے۔
خیبرپختونخوا کے تمام محکموں کو ڈیجیٹائز کرنے کا عمل جاری رکھا جائے گا۔معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی شفقت ایاز۔
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ )بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ویژن کے مطابق تمام محکموں میں شفافیت لانے کے لیے ضروری ہے کہ ان کو ڈیجیٹائز کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی شفقت ایاز نے نجی آئی ٹی کمپنی کی تنظیم پاشا کی طرف سے مقامی ہوٹل میں منعقدہ تعارفی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں نجی بینک کے اہلکاروں کے علاوہ مختلف آئی ٹی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز اور انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ خیبر پختونخوا کے اہلکاروں نے شرکت کی، آئی ٹی کمپنی پاشا کی طرف سے معاون خصوصی کو تنظیم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور سائنس و ٹیکنالوجی کی صنعت کی ترقی کے حوالے سے کئے گئے اقدامات پر تفصیل سے روشنی ڈالی، معاون خصوصی نے تنظیم کو بہترین آگاہی پروگرام منعقد کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور نجی بینک اور آئی ٹی ایسوسی ایشن کی کاوش سراہا۔
معاون خصوصی نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ویژن کو آگے بڑھانے کی خاطر اس سیکٹر کے فروغ کے لیے ضروری اقدامات اٹھائیں گے اور سائنس و ٹیکنالوجی کی بدولت ترقی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام محکموں کو ڈیجیٹائز کرنے کا عمل جاری رکھا جائے گا، جیسا کہ صوبے کے جیل خانہ جات کو ڈیجیٹائز کردیا گیا اب جیل میں قیدیوں کے ساتھ ان کے عزیزوں کی ملاقات آن لائن ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ صوبائی حکومت کے تمام امور کو پیپر لیس کیا جائے گا۔انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ محکمہ صحت کے تمام ہسپتالوں اور لیبارٹریوں کو ڈیجیٹائز کردیا جائے اور ہر مریض کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے تاکہ مریض کی صحت کے بارے میں مکمل معلومات کی دستیابی ممکن ہو۔
معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی شفقت ایاز نے تمام پرائیویٹ آئی ٹی کمپنیوں کو یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت ان کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ صوبے کے ہر محکمہ میں سائنس و ٹیکنالوجی کے استعمال کے تحت ڈیجیٹائز کیا جائے تاکہ شفافیت اور میرٹ کو فروغ دیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام آئی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے کافی مواقع موجود ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کو اس طرف راغب کیا جائے۔ بعد ازاں معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی شفقت ایاز کو ایسوسی ایشن کی طرف سے یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔