Chitral Times

Dec 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

AKU بورڈ اورنالج پلیٹ فارم کے پی کےمابین طلبہ کو ڈیجیٹل مواقع فراہمی کے حوالےاشتراک

شیئر کریں:

چترال (چترال ٹائمز رپورٹ ) آغا خان یونیورسٹی ایگزامینیشن-بورڈ )اے کے یو-ای بی( اورنالج پلیٹ فارم )کے پی( نے تعلیمی مسائل کےحل اور حکمت عملی کی تشکیل کے لیے اشتراک کیا ہے تاکہ موجودہ تعلیمی بحران سے بہتر طور پر نکلنے اور ایسے حل تلاش کرنے کے لیے مشترکہ طور پر کام کیا جا سکے جنہیں اب تک مشکل یا نا ممکن سمجھا جاتا رہا ہے۔

یہ جدت پسند آن لائن پلیٹ فارم اے کے یو-ای  بی سے الحاق شدہ اسکولوں کو درس و تدریس اور طلبا کی کارکردگی کی جانچ کے لیے جامع اور مکمل ڈیجیٹل مواقع فراہم کرے گا۔ اس پلیٹ فارم پر اعلی معیار کا ڈیجیٹل تعلیمی نظام فراہم کیا جاتا ہے جو چھٹی سے بارہویں جماعت کے طلبا کو آن لائن طریقہ تعلیم سے بہرہ مند کرتا ہے تاکہ درسی وقت، مقام اوررفتار میں لچک پیدا کرتے ہوئے تعلیمی سلسلے کو جاری وساری رکھا جا سکے۔ طلبا کو اعلی معیار کے تعلیمی مواد تک رسائی حاصل ہو گی تاکہ اے کے یو-ای بی کے سخت امتحانات کے لیے اپنے آپ کو تیار کر سکیں۔ اپنی مدد آپ کے تحت تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے میں بھی یہ پلیٹ فارم طلبا کو معاونت فراہم کرے گا۔ اے کے یو-ای بی سے الحاق شدہ مختلف اسکولوں اور نجی تعلیمی اداروں میں مختلف انداز سے اور مختلف معیار کی تعلیم دی جاتی ہے جو والدین کے لیے اضافی اخراجات کا باعث بنتی ہے تاہم اس پلیٹ فارم کی بنا پر طلبا کی تعلیم ان عوامل سے مبرا ہو گی۔

نالج پلیٹ فارم پاکستان کی ایک ممتاز کمپنی ہے جو تعلیمی حوالے سے مختلف مسائل کے حل فراہم کرتی ہے اور 280,000 سے زائد طلبا اور 800 سے زائد اسکولوں کے لیے خدمات سرانجام دے رہی ہے۔  نالج پلیٹ فارم کے بانی محبوب محمود نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا، “ہمیں مسرت اور فخر محسوس ہو رہا ہے کہ ہم اے کے یو-ای بی کے ساتھ اشتراک کر رہے ہیں۔ امتحانات کی تیاری کے بہترین مواد کو جب ویڈیوز، گیمز اور جانچ کے طریقہ کار سے ضم کیا جائے گا تو ایک اعلی معیار کا اور جامع تعلیمی پروگرام تشکیل پائے گا جس سے قومی نصاب کے تحت تعلیم حاصل کرنے والے طلبا مستفید ہو سکیں گے۔ ہم اے کے یو-ای بی اور الحاق شدہ اسکولوں سے اشترک میں بے حد پرجوش ہیں اور اکیسویں صدی کے جدید اور متنوع درس و تدریس کے سلسلہ تعلیم کے لیے تیار ہیں۔ اس انداز کا اشتراک جس میں مختلف صلاحیتوں کے حامل افراد اور ادارے مل کر کام کریں اور ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے پاکستان میں تعلیمی تبدیلی اور تنوع کے لیے لازم ہیں۔”

اے کے یو-ای بی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شہزاد جیوا نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا، “اے کے یو-ای بی اسکولوں کو مرکزی حیثیت دیتا ہے اور اپنے اسکولوں کو کے پی کی فراہم کردہ بہترین سہولیات اور ٹیکنالوجی فراہم کر کے ہم اپنے اس مقصد کے حصول کا تسلسل برقرار رکھ پائِیں گے۔ کووڈ-19 کی وجہ سے پیدا ہونے والے بحران نے آن لائن تعلیم کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے اور نئے تعلیمی سال میں اس حوالے سے اسکولوں اور طلبا کو فوری معاونت اور نئے حل کے اطلاق کی ضرورت دوچند ہو جاتی ہے۔ ماضی میں بھی اے کے یو-ای بی نے الحاق شدہ اسکولوں کو ہمیشہ معاونت فراہم کی ہے اور رٹے کے طریقہ کار کو ختم کرنے کے مشن کے تحت کام کیا ہے۔ اب، ان غیر متوقع حالات میں ہمارے اسکول ہم سے اسی معاونت کی توقع رکھتے ہیں۔”


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریں, گلگت بلتستانTagged
42907