ایگزیکٹو کمیٹی آف نیشنل اکنامک کونسل(ایکنیک) سے صوبہ خیبرپختونخوا کے لئے دو منصوبوں کی منظوری دے دی گئی، نگراں وزیر خزانہ احمد رسول بنگش
ایگزیکٹو کمیٹی آف نیشنل اکنامک کونسل(ایکنیک) سے صوبہ خیبرپختونخوا کے لئے دو منصوبوں کی منظوری دے دی گئی، نگراں وزیر خزانہ احمد رسول بنگش
پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) خیبرپختونخوا کے نگراں وزیر برائے محکمہ خزانہ،مال ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول احمد رسول بنگش نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، صوبے کی ترقی اور انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز اپنے دفتر میں ایکنک(ECNEC) ایگزیکٹو کمیٹی آف نیشنل اکنامکس کونسل کے حوالے سے زوم اجلاس میں صوبے کی نمائندگی کر رہے تھے۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ امتیاز حسین شاہ، سیکرٹری خزانہ عامر سلطان ترین ودیگر حکام نے شرکت کی ہے۔ اجلاس میں ایکنک نے خیبرپختونخوارورل روڈز ڈیویلپمنٹ پراجیکٹ(KP-RRDP) جو کہ ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے تعاون سے جاری ہے، میں 1337کلومیٹر سڑکوں اور 62 پلوں کے منصوبوں کے پی سی ون کو ایکنک نے منظور کیا، منصوبوں کی کل لاگت 105.45 بلین روپے ہے جس میں 13.5فیصد صوبے کے اور 86.5 فیصد اے ڈی بی فنڈڈ ہیں،اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ اس منصوبے سے دیہی علاقوں تک رسائی اور سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی اپ گریڈیشن و بحالی ممکن بنائی جائے گی جس کے ذریعے دیہی علاقوں کے عوام کو مارکیٹس، تعلیم اور صحت سہولیات تک رسائی میں کافی مدد ملے گی اوراس منصوبے سے عوام کو محفوظ نقل و حمل، زراعت کی ترقی اور دیہی اور پسماندہ علاقوں میں مثبت تبدیلی آئے گی۔ اس منصوبے سے دیہی علاقوں کے عوام کو معاشی استحکام اور ترقی کے نہ صرف مواقع فراہم ہو سکیں گے بلکہ دیہی اور شہری عوام کے درمیان آمدنی اور معاشی فرق کو بھی کم کیا جا سکے گا۔اجلاس میں ایکنک سے پشاور ناردرن بائی پاس منصوبے (PNBP) کو بھی منظور کیا گیا جس کی لاگت 27.051 بیلین روپے ہے، یہ منصوبہ 32.20 کلومیٹر پر مشتمل ہے جو کہ پشاور شہر کے شمالی جانب سروس روڈز کے ساتھ چار لین والا بائی پاس ہے اور تمام تر سہولیات سے آراستہ ہوگا۔ اجلاس میں نگراں وزیر خزانہ احمد رسول بنگش نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ان منصوبوں پر عمل درآمد سے خیبرپختونخوا کی ترقی اور خوشحالی میں بہت مدد ملے گی۔