ایٹا کے زیر انتظام پختونخوا کے انجینئر نگ یونیورسٹیوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ کا کامیاب انعقاد، پانچ گھنٹوں کے اندر نتائج اپلوڈ، سیکیورٹی کے سخت انتظامات
ُپشاور (چترال ٹائمز رپورٹ)اتوار کے روز خیبرپختونخوا کے پبلک سیکٹر انجینئر نگ یونیوسٹیوں میں بی ایس انجنیئرنگ کے داخلے کیلئے خیبرپختونخوا کی واحد ٹیسٹنگ ایجنسی ایٹا کے زیر انتظام انٹری ٹیسٹ منعقد ہوا۔ ٹیسٹ کا انعقاد 12 سنٹرز بشمول اسلام آباد، پشاور، ایبٹ آباد، مردان، کوہاٹ ڈی آئی خان اور سوات میں منعقد ہوا۔ ٹیسٹ کیلئے تمام سنٹرز پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ ایٹا انتظامیہ کے مطابق رواں گرمی کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے طلبا و طالبات کے لئے ٹھنڈے پانی سمیت اے سی ہالوں کا انتخاب کیا گیاتھا جس میں طلبا و طالبات نے پرسکون انداز میں ٹیسٹ دیا۔ طلبا و طالبات نے ٹیسٹ کیلئے تسلی بخش انتظامات کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایٹا انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔انتظامیہ کے مطابق ٹیسٹ کے کامیاب انعقاد کے پانچ گھنٹے بعد فوری نتائج ویب سائٹ پر اپلوڈ کردئیے گئے۔ اس دفعہ شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے امیدوار کی آنسر شیٹ کو ہال ہی میں ویب سائٹ پر اپلوڈ کیا گیا جس کے دو گھنٹے بعد آنسر کی اپلوڈ کی گئی اور طلبا ء و طالبات نے گھر پہنچتے ہی آنسر کی سے اپنے نتائج اخذ کرنا شروع کئے۔ رزلٹ کے ساتھ امیدواروں کی آنسر شیٹ اور کی اپلوڈ کرنے سے وہ اپنے نتایج کی تصدیق کرسکتے ہیں۔ ایٹا کے مطابق ٹیسٹ میں 8500 طلبا ء و طالبات نے حصہ لیا۔ اس دفعہ پری میڈیکل کے طلباء و طالبات کو بھی انجینئر نگ ٹیسٹ میں بیٹھنے کا موقع دیا گیا ہے۔