این ٹی ایس کے ذریعے بھرتی شدہ اساتذہ کو بہت جلد مستقل کیا جائے گا۔عاطف خان
پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) خیبر پختونخوا کے ابتدائی و ثانوی تعلیم کے وزیر محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ این ٹی ایس کے ذریعے بھرتی ہونے والے اساتذہ کو قانوی تقاضے پورے کرنے کے بعد بہت جلد مستقل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو سمری منظوری کیلئے بھیج دی گئی ہے جوکہ دو ہفتے بعد ہونے والی کیبنٹ میٹنگ میں پیش کی جائیگی اور وہاں سے منظوری کے بعد خیبر پختونخوااسمبلی میں پیش کی جائے گی اور وہاں سے منظوری کے بعد ان اساتذہ کو مستقل کیاجائے گاوہ اپنے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں این ٹی ایس کے ذریعے بھرتی اساتذہ کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے اس موقع پر ابتدائی و ثانوی تعلیم کے سیکرٹری محمد فخر عالم بھی موجود تھے۔وفد میں آل ٹیچرز کو آرڈینیشن کونسل کے صوبائی صدر وہاب منصوری،این ٹی ایس اساتذہ کے صوبائی صدر ایاز علی خان،صوبائی جنرل سیکرٹری جوہر زمان،آل ٹیچرز کو آرڈینیشن کونسل کے ممبر بخت افسر خان و دیگر شامل تھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ این ٹی ایس کے ذریعے بھرتی شدہ 40ہزار اساتذہ کیساتھ ساتھ آئی ٹی ٹیچرزکو بھی مستقلی کے عمل میں لایا جائے گا اور یہ تمام اساتذہ مستقل ہونے کے بعد سول سرونٹ تصور ہوں گے۔عاطف خان نے اساتذہ پر زور دیا کہ موجودہ صوبائی حکومت طلباء اور اساتذہ کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے تاہم اس سلسلے میں تمام قانونی تقاضوں کو پوراکرنا ضروری ہے اس لئے اساتذہ کرام بے جااہڑتالوں سے گریزکریں اور اپنی تمام تر توجہ اپنے طلباء پردیں تاکہ قوم کا مستقبل تاریک ہونے سے بچ جائے۔اس موقع پر این ٹی ایس اساتذہ کے وفد نے پاکستان تحریک انصاف کی میرٹ کی پالیسی اور تعلیم کے میدان میں اٹھائے گئے اقدامات کو سراہااور این ٹی ایس اساتذہ کی مستقلی کیلئے وزیر تعلیم کی کاوشوں پر ان کاشکریہ اداکیا۔