ایجوکیشن منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم کا افتتاح کر دیا گیا، سسٹم کے تحت طلبہ و اساتذہ کی حاضری، امتحانی نظام، طلبہ کی مکمل تفصیلات ڈیجیٹائز کی گئی ہے- صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی
ایجوکیشن منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم کا افتتاح کر دیا گیا، سسٹم کے تحت طلبہ و اساتذہ کی حاضری، امتحانی نظام، طلبہ کی مکمل تفصیلات ڈیجیٹائز کی گئی ہے- صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی
پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا ہے کہ مرجڈ ایریاز ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے کمیونٹی سکولز کے اساتذہ، طلبہ و طالبات سکولوں کی مکمل تفصیل، کتابوں کی ڈیمانڈ اور دیگر تمام نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے تحت طلبہ و اساتذہ کی حاضری، امتحانی نظام، طلبہ کی فارم ب کے مطابق مکمل تفصیلات ڈیجیٹائز کی گئی ہے۔ اور جلد ہی اس کو دوسرے منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ساتھ منسلک کر دیا جائے گا۔ جس سے فیصلہ سازی میں آسانی رہے گی اور ضرورت کے تحت ضم اضلاع کے طلبہ و طالبات کی فلاح و بہبود کے لیے نئے تعلیمی منصوبے شروع کئے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرجڈ ایریاز ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ای ایم آئی ایس کی افتتاحی تقریب کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری قیصر عالم، مینجنگ ڈائریکٹر مرجڈ ایریاز ایجوکیشن فاؤنڈیشن میاں عین اللہ، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل شعیب خان، ڈپٹی ڈائریکٹرز نور شیر آفریدی اور جاوید اقبال بھی موجود تھے۔ وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا کہ ڈیجیٹائزیشن وقت کی اہم ضرورت ہے جس کی بدولت ہم سکولوں میں اساتذہ کی ضرورت، طلبہ کی ڈراپ آؤٹ تفصیلات، سکولوں میں سہولیات کی فراہمی اور دیگر اہم امور کا پتہ چلتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تعلیم کارڈ کا اجراء کیا ہے اور ڈیجیٹائزیشن کی بدولت صوبائی حکومت کی طرف سے دی جانے والی سہولیات، سکالرشپس اور دیگر مراعات تعلیم کارڈ میں شامل کئے جائیں گے۔
صوبائی وزیر تعلیم نے مینیجنگ ڈائریکٹر مرجڈ ایریاز ایجوکیشن فاؤنڈیشن میاں عین اللہ اور ان کی ٹیم کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ قلیل مدت میں مرجڈ ایریاز ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اپنے پروگرامز کی بدولت ہزار وں کی تعداد میں طلبہ و طالبات کو تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ نئے پروگرامز کا بھی کامیاب اجراء کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع میں تعلیمی بہتری لانے اور شرحِ خواندگی بڑھانے کے لیے دیگر کئی اہم منصوبے زیر غور ہیں۔ جن کا عنقریب آغاز کیا جا رہا ہے اور مرجڈ ایریا ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی معاونت سے ہم ان تمام پروگرامز کو کامیاب بنائیں گے۔ مینجنگ ڈائریکٹر مرجڈ ایریاز ایجوکیشن فاؤنڈیشن میا عین اللہ نے صوبائی وزیر تعلیم کو فاؤنڈیشن کے نئے بننے والے ایکٹ پر بھی بریفنگ دی جس کے حوالے
سے صوبائی وزیر تعلیم نے مختلف تجاویز دیں اور ایکٹ کو فائنل کرنے کے لیے سپیشل سیکرٹری قیصر عالم کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جو کہ ایک ہفتے کے اندر اپنی سفارشات وزیر تعلیم کو ارسال کرے گی۔