Chitral Times

May 15, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

اگلے مالی سال کے ترقیاتی فنڈز کا 80 فیصد حصہ جاری منصوبوں کے لئے مختص کیا جائیگا، تاہم اشد عوامی ضرورت کی بنیاد پر نئے منصوبے بھی ترقیاتی پروگرام میں شامل کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ

شیئر کریں:

اگلے مالی سال کے ترقیاتی فنڈز کا 80 فیصد حصہ جاری منصوبوں کے لئے مختص کیا جائیگا، تاہم اشد عوامی ضرورت کی بنیاد پر نئے منصوبے بھی ترقیاتی پروگرام میں شامل کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ

 

پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت ڈویژنز کی سطح پر نئے مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کی تیاری کے لئے منتخب عوامی نمائندگان کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔اس سلسلے میں کوہاٹ ڈویژن کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کو حتمی شکل دینے کیلئے ایک اہم مشاورتی اجلاس جمعہ کے روز وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ کوہاٹ ڈویژن کے پانچوں اضلاع کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کے علاوہ وزیر اعلی کے مشیر برائے خزانہ، محکمہ منصوبہ بندی اور ڈویژنل انتظامیہ کوہاٹ کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں کوہاٹ ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں پراب تک کی پیشرفت اور فنڈز الوکیشن کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے کوہاٹ میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کے بارے سیکٹر وائز بریفنگ بھی دی گئی۔

 

مزید برآںاجلاس کو اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کے لئے مجوزہ منصوبوںسے بھی تفصیلاً آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو اگلے بجٹ میں تکمیل کے قریب منصوبوں کی تکمیل کے لئے سو فیصد فنڈز مختص کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ اگلے بجٹ میں جاری منصوبوں کی جلد تکمیل ہماری پہلی ترجیح ہوگی۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اگلے مالی سال کے ترقیاتی فنڈز کا 80 فیصد حصہ جاری منصوبوں کے لئے مختص کیا جائے گاتاہم اشد عوامی ضرورت کی بنیاد پر نئے منصوبے بھی ترقیاتی پروگرام میں شامل کئے جائیں گے۔ اگلے ترقیاتی پروگراموں میں شامل کرنے کے لئے نئے ترقیاتی منصوبوں کو متعلقہ منتخب عوامی نمائندوں کی مشاورت سے حتمی شکل دے رہے ہیں۔

 

اُنہوں نے متعلقہ حکام کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کئے جانے والے نئے منصوبوں کی فیزیبلٹی اور پی سی ونز بروقت تیار کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ نئے ترقیاتی پروگرام میں جنوبی اضلاع میں پینے کے پانی کی فراہمی کے منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔اسی طرح اُنہوںنے کہاکہ اگلے بجٹ میں ٹیوب ویلز سولرائزیشن کے تمام منصوبوں کو فل فنڈ کیا جائے گا۔علی امین گنڈا پور نے منتخب عوامی نمائندوں کو اپنے اپنے حلقوں میں کرائے کی عمارتوں میں سکولز اور کالجز کے قیام کے لئے بروقت تجاویز جمع کرنے جبکہ دور افتادہ علاقوں میں صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی ہے اور واضح کیا ہے کہ کوئی ضلع بھی ایسا نہیں رہنا چاہیئے جس میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال نہ ہو اور کوئی تحصیل ایسی نہ رہے جہاں تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال موجودنہ ہو۔

 

مزید برآں اُنہوںنے پہلے سے موجود ہسپتالوں میں سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ اجلاس میں کوہاٹ ڈویژن میں تیل وگیس کے پیداواری اضلاع کے لئے رائلٹی کے فنڈز سے متعلق معاملات پر بھی غوروخوض کیا گیا۔وزیراعلیٰ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اگلے بجٹ میں کوہاٹ ڈویژن کو رائلٹی کے شیئر کا سو فیصد دیا جائے گاجبکہ کرم میں امن کی بحالی کے لئے حکومت کے ساتھ تعاون کرنے والی قوموں اور علاقوں کے لئے ترقیاتی پروگرام میں خصوصی پیکیج رکھا جائے گا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
102255