اپر چترال میں جاری کاغلشٹ فیسٹیول میں مختلف کھیلوں کے مقابلے جاری، فیسٹیول میں سیاحوں کیلئے ثقافتی سٹالز سمیت روایتی موسیقی کا اہتمام بھی کیاگیا
اپر چترال میں جاری کاغلشٹ فیسٹیول میں مختلف کھیلوں کے مقابلے جاری، فیسٹیول میں سیاحوں کیلئے ثقافتی سٹالز سمیت روایتی موسیقی کا اہتمام بھی کیاگیا
اپرچترال( نمائندہ چترال ٹائمز)خیبرپختونخواکلچراینڈٹوراز م اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ اپر چترال اور کاغلشٹ کمیٹی کے زیراہتمام اپر چترال میں جاری کاغلشٹ فیسٹیول میں مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوئے جس میں مختلف ٹیموں نے اپنے میچز جیت لئے۔ اس موقع پر ڈی پی او محمد عتیق شاہ مہمان خصوصی تھے۔ کاغلشٹ میڈوز کے سرسبز میدانوں میں سجنے والے فیسٹیول میں جہاں خیمہ بستی قائم کی گئی ہے وہیں ملکی و غیر ملکی سیاحوں نے بھی وادی کا رخ کرلیا۔ فیسٹیول میں پولو، کرکٹ، فٹبال، لوکل ہاکی، والی بال اور دیگر مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ فٹبال میں ڈگری کالج بونی اور کشم کے مابین میچ ہوا جس میں ڈگری کالج بونی فاتح قرار پائی جبکہ دوسرے میچ میں مستجاپان دہ کی ٹیم نے لون ٹیم کو شکست دی۔پولیس اور تریچ میر کی ٹیموں میں پولیس کی فٹبال ٹیم کامیاب ہوئی۔ والی بال کے میچز میں شیراندور موڑکہو کی ٹیم کا مقابلہ کوراغ کی ٹیم سے ہوا جس میں کوراغ فاتح قرار پائی۔ دوسرا میچ آر وی سی بونی اور سنوغر کی ٹیموں کے مابین ہوا جس میں سنوغر کامیاب ہوئی۔ تیسرا میچ چرون اور موڑکہو کے مابین ہوا جس میں چرون والی بال ٹیم نے کامیابی سمیٹی۔کرکٹ کے پہلے راؤنڈ میں ینگ سٹار بونی، فرینڈز الیون، ہیڈ کوآرٹر بونی، جان برادرز، راجہ ٹائیگرز، پرواک اور ریشن کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچز جیت لئے۔ فیسٹیول میں پیراگلائیڈنگ اورجیپ ریلی کا انعقادبروز اتوار کو ہوگا۔ فیسٹیول میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مختلف ٹینٹ بھی لگائے گئے ہیں جبکہ مقامی لوگوں نے روایتی کھانے پینے کی اشیاء کے سٹالز بھی سجائے ہیں۔ فیسٹیول میں سیاحوں کیلئے ثقافتی سٹالز سمیت روایتی موسیقی کا اہتمام بھی کیا ہے۔