
اپرچترال : 13 سالہ بچے کی افسوسناک اورپراسرار موت، واقعہ قتل یا کوئی اور وجہ؟ تحقیقات کا مطالبہ
اپرچترال : 13 سالہ بچے کی افسوسناک اورپراسرار موت، واقعہ قتل یا کوئی اور وجہ؟ تحقیقات کا مطالبہ
اپرچترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) اپر چترال کے گاؤں رامن لاسپور میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں تقریبا 13 سالہ بچے کی خون سے لت پت لاش گھر کے قریب سے ملی، زرائع کے مطابق شیراز ولد شیر محمد ساکن رامن گزشتہ صبح مستوج جانے کے لیے گھر سے نکلا تھا، مگر مستوج نہیں پہنچا ہے۔ شام کے وقت اہل خانہ نے اس کی تلاش شروع کی، اس دوران لاش گھر کے قریب ہی جنگل سے ملی۔ عینی شاہدین کے مطابق بچے کی لاش خون سے لت پت تھی۔
پولیس نے بچے کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مستوج منتقل کر دیا ہے تاکہ موت کی وجوہات معلوم کی جا سکیں۔ ابتدائی طور پر معلوم نہ ہوسکی، کہ یہ واقعہ خودکشی ہے یا کسی نے معصوم بچے کو قتل کیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ تاہم اصل حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے آنے کے بعد ہی معلوم ہو سکیں گے۔ علاقے کے عوام نے اصل حقائق جاننے کے لئے انتظامیہ سے فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔