اپرچترال کی ضلعی ہیڈ کوارٹر بونی کے مقام پرعارضی شیلٹر ہوم کا انتظام کردیاگیا
بونی (چترال ٹائمزرپورٹ)صوبائی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں ضلع اپر چترال کی انتظامیہ نے ضلعی ہیڈ کوارٹر بونی کے مقام پر ضلع کے دور دراز علاقوں سے آئے ہوئے مسافروں اور غیر مقامی نادار افراد کے لئے عارضی شیلٹر ہوم کا انتظام کیا ہے۔ اس شیلٹر ہوم میں ان نادار لوگوں اور مسافروں کو سردی سے بچانے کے لئے گرم بستروں کی فراہمی کے علاوہ کھانے پینے کا بھی مناسب انتظام کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر اپر چترال شاہ سعود کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے تحصیلدار مستوج بونی بازار کے احاطے میں غریب اور مستحق افراد کو ڈھونڈ کر ان تک ریلیف پہنچانے میں مصروف ہیں۔ اس حوالے سے جاری ایک بیان میں ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے کہا ہے کہ ضلع کے دور دراز کے لوگ مختلف کاموں کے سلسلے میں ہیڈکوارٹر بونی کا رخ کرتے ہیں اور مسافت زیادہ ہونے کی وجہ سے انہیں یہاں پر رات گزارنی پڑتی ہے چونکہ یہاں پر سردی نقطہ انجماد سے بھی نیچے گرتی ہے جس کی وجہ سے ان مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی حکومت کے فلاحی ریاست کے و ژن کے تحت ایسے نادار افراد کو سہولیات پہنچانے کا یہ سلسلہ جاری رہیگا اور ضلعی انتظامیہ اس مقصد کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی تاکہ کوئی بھی مستحق فرد اس اعصاب شکن سردی میں بغیر شیلٹر،کھانا اور بستر کے زندگی بسر نہ کر ے۔