
انجینئرنعیم خان کو چیف ایگزیکٹیوپیڈو خیبرپختونخوا تعینات کردیا گیا
گریڈ21کے سابق بیوروکریٹ پانی وبجلی کے شعبوں میں وسیع مہارت رکھتے ہیں
انکی تعیناتی4سال کے کنٹریکٹ پرکی گئی ہے،محکمہ توانائی وبرقیات کااعلامیہ جاری
.
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) خیبرپختونخواحکومت نے صوبے کے سابق سینئربیوروکریٹ انجینئرنعیم خان کومحکمہ توانائی وبرقیات کے ذیلی ادارے پختونخواانرجی ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن (پیڈو)کا نیاچیف ایگزیکٹو آفیسرتعینات کردیا ہے۔وہ پانی اورتوانائی کے شعبہ جات میں اعلیٰ تعلیم ومہارت رکھنے کی وجہ سے اسلام آبادکی سطح پرپاکستان انجینئرنگ کونسل کے پانی وتوانائی کے شعبوں میں تھنک ٹینک کے ممبرکے طورپر خدمات بھی سرانجام دیتے رہے ہیں۔اس سلسلے میں محکمہ توانائی وبرقیات کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق انجینئرنعیم خان کو آئندہ چارسالوں کے لئے پیڈوکانیاسربراہ مقررکیا گیا ہے۔ انجینئرنعیم خان گزشتہ سال گریڈ21میں سیکرٹری آبپاشی کے عہدے پر ریٹائرڈ ہوئے،وہ سیکرٹری توانائی بھی رہ چکے ہیں۔خیبرپختونخواکے ضلع دیرسے تعلق رکھنے والے انجینئرنعیم خان اپنے کیئریر کے دوران صوبے میں مختلف اہم عہدوں پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔وہ چیف انجینئرآبپاشی،ڈائریکٹرجنرل سمال ڈیمز اور ڈبلیو ایس ایس پی کے بانی چیف ایگزیکٹو بھی رہ چکے ہیں جنہوں نے صوبے میں پانی وصفائی کے شعبے میں جدت لانے کے لئے مذکورہ کمپنی کاقیام عمل میں لایا۔وہ پیسکوبورڈ آف ڈائریکٹرزکے ممبربھی رہ کرصوبے میں بجلی کے مسائل کے حل کے لئے اہم رول اداکرچکے ہیں۔ پیڈوچیف ایگزیکٹوکی حیثیت سے تعیناتی کوبطورچیلنج قبول کرتے ہوئے انجینئرنعیم خان نے اس عزم کا اظہارکیا ہے کہ وہ ادارے کو صوبے میں بجلی کی پیداوارکا مضبو ط ترین ومنافع بخش ادارہ بنانے کے لئے اپنی تمام ترتوانائیاں بروئے کارلائیں گے۔اپنی ایمانداری اوراصول پرستی کی وجہ سے تمام حلقوں خصوصی طورپرانجینئرز برادری نے نعیم خان کی دوبارہ تعیناتی کاخیرمقدم کیاہے۔