امسال امتحانی ڈیوٹیوں کے لئے تمام کیڈرز کے اساتذہ کے نام قرعہ اندازی میں شا مل کئے جائینگے۔۔صدر اساتذہ
پشاور( چترال ٹائمز رپورٹ )نظام امتحانات کی اصلاح،نقل کی روک تھام اور سفارشی کلچر کے خاتمے کیلئے پشاور تعلیمی بورڈ کے چئیر مین ڈاکٹر فضل الرحمن کا جرائت مندانہ فیصلہ قا بل تحسین ہے ۔فیصلے کے مطابق امسال امتحانی ڈیوٹیوں کے لئے تمام کیڈرز کے اساتذہ کے نام قرعہ اندازی میں شا مل کئے جائینگے ۔کمپیوٹرائز قرعہ اندازی کے لئے اساتذہ کی ڈیوٹیاں لگائی جائینگی ۔ڈیٹا اکٹھا کر نے کیلئے IMUاور محکمہ تعلیم کے افسران سے مدد لی جائے گی ۔بورڈ حکام کا یہ عادلانہ فیصلہ تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہارتنظیم اساتذہ کے ضلع پشاور کے صدر سکندر خان یوسفزئی اور دیگر ضلعی ذمہ داران فردوس خان خلیل،محمد عثمان،فضل ہادیاور شمشاد خان جھگڑا نے اپنے مشترکہ جاری کردہ پریس ریلیز میں کیا ہے انہوں نے کہا کہ امتحانی ڈیوٹیوں پر تمام کیڈرز کے اساتذہ کا یکساں حق ہے مگر بد قسمتی سے محکمہ تعلیم کے ہر سطح کے ادسران صرف اپنے منظور نظر افراد کے نام بورڈ کو ارسال کرتے تھے۔جس کی وجہ سے حقدار اورقا بل اساتذہ خصوصاً پرایمری اساتذہ امتحانی ڈیوٹیوں سے محروم چلے آ رہے تھے۔اس فیصلے سے تمام کیڈرز کے اساتذہ اور خصوصاً پرایمری اساتذہ کو اپنا حق مل جائے گا ۔تنظیم اساتذہ ایسے فیصلوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور امید کرتی ہے کہ بورڈ حکا م جلد از جلد اس فیصلے کو عملی جا مہ پہنائے گی ۔
تنظیم اساتذہ کی پوری ٹیم نے بورڈ حکام کے ساتھ تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔