الخدمت فاونڈیشن کے مواخاۃ پروگرام کے تحت چترال شہر میں دس افراد کو وسیلہ روزگار فراہم کرتے ہوئے سبزی اور فروٹ پر مشتمل مال سمیت ہتھ گاڑی اور الیکٹرانک اسکیل فراہم کی گئی
الخدمت فاونڈیشن کے مواخاۃ پروگرام کے تحت چترال شہر میں دس افراد کو وسیلہ روزگار فراہم کرتے ہوئے سبزی اور فروٹ پر مشتمل مال سمیت ہتھ گاڑی اور الیکٹرانک اسکیل فراہم کی گئی
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) الخدمت فاونڈیشن کے مواخاۃ پروگرام کے تحت چترال شہر میں دس افراد کو وسیلہ روزگار فراہم کرتے ہوئے سبزی اور فروٹ پر مشتمل مال سمیت ہتھ گاڑی اور الیکٹرانک اسکیل فراہم کی گئی جس کے لئے اتوار کے روز ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں الخدمت فاونڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل وقاص انجم جعفری اور خیبر پختونخوا کے صدر خالد وقاص چمکنی نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ الخدمت فاونڈیشن کے ضلعی صدر عبدالحق اور جماعت اسلامی کے ضلعی صدر وجیہ الدین اور سابق امراء اضلاع مغفرت شاہ اور مولانا جمشید احمد بھی شریک رہے۔ سبزی منڈ ی کے علاقے میں واقع الخدمت فاونڈیشن کے میٹرنٹی ہسپتال کے سبزہ زار میں منعقد تقریب میں وقاص انجم جعفری اور دوسرے ذمہ داران نے باضابطہ طور پر مال سمیت ہتھ ریڑی اور 3000روپے کیش پاورٹی سروے کی بنیاد پر منتخب کردہ افراد کے حوالے کیا۔ اس سے قبل اپنے خطاب میں وقاص انجم جعفری نے کہاکہ معاشرے میں توازن اور محبت کا فضا اس وقت قائم ہوتا ہے جب غربت سے دوچار اور نادار افراد کی کفالت کے لئے وسائل کے حامل اور اہل ثروت افراد ا پنا کردار اداکرنا شروع کرے اور دوسروں کو اس کی ترغیب دے۔
انہوں نے کہاکہ الخدمت فاونڈیشن نے الخدمت اسلامک مایکروفنانس کے نام سے باقاعدہ طور پر مایکروفنانس کا ادارہ شروع کردیا ہے جوکہ مختلف علاقوں میں موجود پوٹنشل کے مطابق چھوٹے پیمانے پر روزگارکی فراہمی کا سلسلہ شروع کرے گی۔ ضلعی صدر عبدالحق نے مواخاۃ پروگرام کے تحت نادار افراد کو روزگار کی فراہمی کے سلسلے میں کوششوں پر روشنی ڈالی۔ ہتھ ریڑھیوں کی حوالگی کے وقت اس بات پر زور دیا کہ وہ اس کے ذریعے باعزت طور پر روزی کمائیں اور دوسروں کے لئے مثال بن جائیں تاکہ یہ سلسلہ جاری وساری رہے۔ بعدازاں مہمان خصوصی نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کی وزٹ کی جہاں الخدمت فاونڈیشن کے صدر عبدالحق نے انہیں مختلف پراجیکٹس کے بارے میں بتایاکہ جوکہ عنقریب شروع کئے جائیں گے جن میں آئی وارڈ بھی شامل ہے۔ معروف گائناکالوجسٹ ڈاکٹر سلمہ حسن، ہسپتال کے ڈائرکٹر اسد کامران، الخدمت فاونڈیشن کے جنرل سیکرٹری محمد عمران بھی موقع پر موجود تھے۔ سب ڈویژنل پولیس افیسر چترال سجاد حسین بھی پروگرام میں شریک رہے۔