اقراءنیشنل یونیورسٹی کے چوتھے کانووکیشن، فارغ التحصیل طلبہ میں ڈگریاں اور میڈلز تقسیم ، 34 طلبہ کو گولڈ میڈلز سے بھی نوازا گیا
پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے منگل کے روز اقراءنیشنل یونیورسٹی کے چوتھے کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور فارغ التحصیل طلبہ میں ڈگریاں اور میڈلز تقسیم کئے۔کانووکیشن میں کل 438 گریجویٹس کو مختلف شعبوں میں ڈگریاں دی گئیں جن میں بیچلرز کے 280، ماسٹرز کے 120 اور پی ایچ ڈی کے 38 گریجویٹس شامل ہیں۔ ا سکے علاوہ مختلف شعبہ جات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے 34 طلبہ کو گولڈ میڈلز سے بھی نوازا گیا۔ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کانووکیشن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فارغ التحصیل طلبہ، انکے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ گریجویٹس نے محنت کر کے یہ مقام حاصل کیا ہے اور امید ہے کہ محنت کا یہ سلسلہ آگے بھی جاری رکھیں گے اور اپنے علم اور ہنر کو ملک و قوم کی خدمت کےلئے بروئے کار لائیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے گریجویٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ محنت کا کوئی متبادل نہیں، محنت طلبہ نے کرنی ہے اور کامیابی اللہ تعالیٰ دیں گے۔طلبہ مقابلہ کرنا سیکھیں، کبھی ہار نہیں ماننی بلکہ مضبوط رہنا ہے، کوئی ایک ناکامی آپ کو ترقی سے نہیں روک سکتی بلکہ آپ نے آگے بڑھتے رہنا ہے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ گریجویٹس نے آگے بڑھنا ہے، ایمان، ہمت اور نیک نیتی کے ساتھ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کسی اور شخص کی کامیابی پر خوش ہونے والا انسان ہی ایک عظیم انسان بنتا ہے، ہمیں ایک عظیم انسان بننے کے لیے حسد اور بغض سے نکل کر اجتماعی ترقی کا سوچنا ہے۔
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ حکومت کو تعلیمی شعبے میں معاونت فراہم کرنے پر اقراءیونیورسٹی کی انتظامیہ بھی مبارکباد اور خراج تحسین کی مستحق ہے۔ ‘ مجھے خوشی ہے کہ ایک ایسی یونیورسٹی کے کانووکیشن میں شریک ہوں جس نے کم عرصے میں زیادہ ترقی حاصل کی،کبھی بھی حکومت عوام اور پرائیویٹ سیکٹر کی سپورٹ کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتی،میں بحیثیت وزیر اعلیٰ پرائیویٹ سیکٹر کو بھرپور سپورٹ کرتا ہوں’۔ پرائیویٹ سیکٹر سمیت تمام شعبہ جات ہمارے نوجوانوں کی گرومنگ کریں تاکہ وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کر سکیں۔ صوبے میں قیام امن کے لیے ہمارے عوام اور سکیورٹی فورسز نے بڑی قربانیاں دی ہیں، ان کی قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کرتاہوں۔
