افغانستان کے ساتھ 7 گیٹ ویز ہیں وہ کھل گئے تو وسط ایشیاء تک کاروباری ترقی کا سفر شروع ہو گا۔گورنرخیبرپختونخوا
افغانستان کے ساتھ 7 گیٹ ویز ہیں وہ کھل گئے تو وسط ایشیاء تک کاروباری ترقی کا سفر شروع ہو گا۔گورنرخیبرپختونخوا
پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ امن ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے، بحیثیت پاکستانی اور خیبرپختونخوا کا شہری ہمیں امن و امان کے قیام کیلئے اجتماعی کردار ادا کرنا ہے،خیبرپختونخوا صوبہ دہشتگردی کے باعث بہت زیادہ متاثر ہواہے، دہشتگردی میں سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ کو مختلف شعبوں میں خصوصی رعایت ملنے کے حق میں ہوں، صوبہ کی تاجر برادری کا معاشی ترقی میں کلیدی کردار ہے، ہم سب نے ملکر اجتماعی کوششوں سے صوبہ کو تمام شعبوں میں ترقی کیجانب گامزن کرنا ہے،افغانستان کے ساتھ 7 گیٹ ویز ہیں وہ کھل گئے تو وسط ایشیاء تک کاروباری ترقی کا سفر شروع ہو گا۔ ان خیالات کا اظہارانہو ں نے منگل کے روز سرحد بزنس الائنس کے نمائندہ وفد سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ تنظیم تاجران کے صدر ملک مہر الہی کی قیادت میں نمائندہ وفد میں سرحدبزنس الائنس کے چیئرمین سیدظاہرعلی شاہ،عدنان جلیل، بخت میر درانی، فیصل کاکا خیل، محمد اورنگزیب سمیت دیگر تاجر برادری کے عہدیدار و نمائندے شامل تھے۔
وفد نے گورنر کو صوبہ میں بزنس کمیونٹی اور کاروباری سطح پر درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔وفد نے حالیہ بجٹ میں سیلز ٹیکس میں اضافہ اور دیگر ٹیکسز سے متعلق کاروباری طبقہ کے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔وفد کے شرکاء نے امن و امان کی صورتحال، کنٹونمنٹ بورڈ سے جڑے مسائل، پنجاب سے آٹے کی ترسیل پر پابندی،غیر معیاری میڈیکل اسٹور، انڈسٹریل روڈاور صوبہ میں کاروباری سہولیات اور ترقی کیلئے گورنر کو مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ معاشی ترقی کیلئے صوبہ میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے فروغ کے لیئے اقدامات کیے جارہے ہیں، وسط ایشیا کی ریاستوں اور خیبرپختونخوا کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ حالیہ دورہ تاجکستان میں پشاور اور تاجکستان کے درمیان تجارت کے فروغ پر بات چیت ہوئی،دورہ تاجکستان میں صنعتی شعبہ بالخصوص فوڈ، آٹو موبائل انڈسٹری، توانائی شعبوں میں دو طرفہ تعاون پر بات چیت ہوئی ہے۔گورنرنے کہاکہ تاجکستان کے ختلان اور پشاور کو سسٹر شہر بنارہے ہیں جس سے فروٹ اور پولٹری کی بڑی منڈی سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ شعبہ تعلیم، توانائی و دیگر شعبوں میں بہتری و جدت لانے کیلئے ٹاسک فورس تشکیل دے رہا ہوں، کاروباری طبقہ تحریری طور پر مسائل فراہم کریں جنکا متعلقہ فورمز سے حل یقینی بنایا جائے گا۔گورنرنے کہاکہ بزنس کمیونٹی متعدد سماجی کاموں میں ہمارے بچوں کی سرپرستی کریں، طلبہ کی تعلیم کے حوالہ سے سکالر شپ دیں اور صوبہ کے ہونہار کھلاڑیوں کو آگے لانے کیلئے سپانسر شپ فراہم کرے۔
تمباکو کے کاشتکاروں کے ساتھ ذیادتی کے خاتمہ کو یقینی بنایا جائے گا. گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی
پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ تمباکو کے کاشتکاروں کے ساتھ ذیادتی کے خاتمہ کو یقینی بنایا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوابی، مردان اور ملحقہ علاقوں کے کاشتکاروں کے ایک وفد سے گفتگو کے دوران کیا وفد کی قیادت بلند خان ترکئی کررہے تھے جنہوں نے گورنر ہاؤس میں ان سے ملاقات کی، پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا، صوبائی سیکرٹری کوارڈینیشن فرزند علی خان وزیر، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات گوہر انقلابی، لیاقت خان۔ عارف خان، جاوید خان، اسداللہ خان، انجنیئر داؤد جان اور دیگر رہنما بھی انکے ہمراہ تھے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ تاجکستان دورہ کے دوران وہاں کے سفیر سے خیبرپختونخوا میں تمباکو نے کاشتکاروں کے حوالہ سے بات چیت کی ہے جلد ہی آپکے ایک نمائندہ وفد کے تاجکستان کے سفیر اور متعلقہ زمہ داران سے ملاقات کرائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ٹوبیکو سیس فنڈ کے حوالہ سے ہونے والی زیادتی ناقابل برداشت ہے پیپلز پارٹی کے ایم پی اے احمد کنڈی نے اسمبلی میں اس حوالہ سے بات کی ہے ہمارے صوبائی صدر اور جنرل سیکرٹری بھی آپکے مسائل کے حل کے لیئے موجود ہیں تاہم وفاقی حکومت کی جانب سے مسائل کے حل کے لیئے میں آپکا وکیل بنوں گا جس طرح ہم گنے کے سیس فنڈ کو ڈیرہ اسماعیل خان کی ترقی میں استعمال کرنے کی بات کرتے ہیں اسی طرح ٹوبیکو سیس فنڈ آپ لوگوں کا حق ہے میں جلد ہی وفاقی وزیر فوڈ سیکورٹی اور سیکرٹری فوڈ سیکورٹی سے اس حوالہ سے بات کرونگا اور وفاقی حکومت سے آپکی جو شکایات ہیں انکا ازالہ کیا جائے گا۔ زمینداروں نے وفد نے گورنر خیبرپختونخوا کو آگاہ کیا کہ گزشتہ سال تمباکو کا ریٹ چودہ سو روپے فی کلو تھا جس میں قوائد کے مطابق دس فیصد اضافہ کرنا تھا مگر اسکے برعکس ریٹ 750 روپے فی کلو کرکے تمباکو کے کاشتکاروں سے زیادتی کی گئی صوبائی ٹیکس چھ روپے سے بڑھا کے 25 روپے کردیا گیا جو تمباکو کی کمپنیاں زمینداروں سے وصول کرتی ہیں اسی طرح تمباکو بورڈ زمینداروں کے بجائے ملٹی نیشنل کمپنیوں کے حقوق کی حفاظت کرتا ہے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پیپلز پارٹی زمینداروں، کاشتکاروں اور غریب عوام کے حقوق کی علمبردار ہے آپ سے کسی قسم کی زیادتی پر ہم آپکے ساتھ ہونگے اور زیادتیوں کا ازالہ کیا جائے گا۔
ایسا آپریشن ہو جس سے دہشت گردی کی بیماری کا مکمل خاتمہ ہو اور پائیدار امن کو یقینی بنایا جائے.فیصل کریم کنڈی
پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ایسا آپریشن ہو جس سے دہشت گردی کی بیماری کا مکمل خاتمہ ہو اور پائیدار امن کو یقینی بنایا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے شمالی وزیرستان کے وفد سے گفتگو کے دوران کیا جس نے گورنر ہاؤس پشاور میں ان سے ملاقات کی پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا، سیکرٹری کوارڈینیشن فرزند علی خان وزیر بھی موجود تھے وفد کی قیادت ڈویژنل صدر پی پی پی نیک دراز خان، قبائیلی عمائدین ملک نثار علی خان اور خلیل خان کررہے تھے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے عوام کی آپریشن کے حوالہ سے خدشات کے خاتمہ کے حامی ہیں قبائل نے ہمیشہ پاکستان کے بلاتنخواہ سپاہی کا کردار ادا کیا آپکی تشویش سے جلد ہی وزیر اعظم پاکستان اور متعلقہ فورم پر رکھیں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کل پشاور میں اعلان کیا ہے کہ وہ آل پارٹیز کانفرنس میں اس حوالہ سے معاملات کو رکھیں گے انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے مسائل سے بخوبی واقف ہوں خیسور واقعہ کے وقت میں خود وہاں گیا تھا انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع کے لیئے مختص فنڈز صوبائی حکومت کی جانب سے درست خرچ نہیں کیئے گئے شب خون مارا گیا اس زیادتی کا ازالہ ہونا چاہیئے قبل ازیں قبائلی رہنماؤں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غلام خان بارڈر عوام اور تاجروں کے لیئے کھولی جائے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائل کی قربانیاں ڈھکی چھپی نہیں مگر گزشتہ حکومت نے جو لوگ دوبارہ آباد کیئے اس سے حالات اب تشویش ناک ہورہے ہیں ایسی صورت حال کا سدباب کیا جائے۔
ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ میں کیپٹن محمد اسامہ کی شہادت پراظہار تعزیت
پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضم ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں درمیان فائرنگ کا تبادلہ میں کیپٹن محمد اسامہ کی شہادت پر تعزیت کااظہارکیا ہے۔ گورنرنے شہید کیپٹن کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہید محمد اسامہ کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعاکی۔ گورنرنے کہاہے کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قیمتی جانیں قربان کرنیوالے سکیورٹی فورسز کے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں، پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
دریں اثنا گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے لکی مروت میں پولیس اہلکار کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے میں بچوں سمیت پولیس اہلکار کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہارکیا ہے۔گورنرنے غمزدہ خاندان و لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔انہوں نیکہاہے کہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔