
اعظم سواتی، حماد اظہر، مراد سعید سمیت 18 اشتہاریوں کے شناختی کارڈز بلاک کرنے کا فیصلہ
اعظم سواتی، حماد اظہر، مراد سعید سمیت 18 اشتہاریوں کے شناختی کارڈز بلاک کرنے کا فیصلہ
لاہور( چترال ٹائمزرپورٹ) لاہور پولیس نے نومئی کے واقعات پر پی ٹی آئی رہنماؤں مراد سعید، اعظم سواتی، حماد اظہر سمیت 18 اشتہاریوں کے شناختی کارڈز بلاک کرانے کے لیے نادرا کو خط لکھ دیا۔ لاہور پولیس نے اس حوالے سے چیئرمین نادرا کو خط لکھ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ 18 اشتہاری ملزمان نہ تو شاملِ تفتیش ہوئے اور نہ ہی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوئے ان میں مراد سعید، اعظم سواتی، حماد اظہر، اسلم اقبال، کرامت کھوکھر، علی امین گنڈاپور، واثق قیوم عباسی، مسرت جمشید چیمہ، جمشید چیمہ، زبیر نیازی، ملک ندیم عباس، غلام محی الدین دیوان شامل ہیں۔پولیس کے مطابق یہ تمام ملزمان اے ٹی سی میں پیش ہوئے بغیر قانونی حقوق حاصل نہیں کرسکتے، شامل تفتیش ہونے تک ملزمان کے قومی شناختی کارڈز بلاک کردیے جائیں، اشتہاری ملزمان کے نام نو فلائی لسٹ میں شامل کیے جاچکے ہیں۔واضح رہے کہ نو مئی کے واقعات میں ملوث 18 اشتہاریوں کے شناختی کارڈز بلاک ہونے کی صورت میں ملزمان نہ تو پراپرٹی کی خرید و فروخت کرسکیں گے اور نہ ہی ہوائی سفر کرسکیں گے۔
توہین الیکشن کمیشن کیس: عمران خان اور فواد چوہدری پر فرد جرم مؤخر
راولپنڈی(سی ایم لنکس) توہین الیکشن کمیشن کیس میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چوہدری پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی 19 دسمبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔دوران سماعت، فواد چوہدری کے وکیل فیصل چوہدری نے توہین الیکشن کمیشن فرد جرم پر اعتراض کیا۔ وکلاء نے اعتراض کیا کہ الیکشن کمیشن عدالت نہیں اس لیے توہین عدالت کارروائی نہیں کر سکتا۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر علی گوہر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کوئی عدالت نہیں یہ کارروائی نہیں کر سکتا، توہین عدالت صرف سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کارروائی کر سکتے ہیں۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کی اہلیہ حبہ چوہدری کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کے وکلاء نے الیکشن کمیشن کی سماعت کے خلاف درخواست دائر کی۔حبہ چوہدری نے کہا کہ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن عدالت نہیں الیکشن کمیشن کے پاس اختیار عدالتی اختیار نہیں، وکلاء کی جانب سے درخواست پر بحث ہوئی کیس کی سماعت 19 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔انہوں نے کہا کہ آج بھی بہت چل کر اندر جانا پڑا، آئی جی جیل خانہ جات کو اس مسائل کو بھی دیکھنا پڑے گا، فواد چوہدری کی موجودگی میں فیصل چوہدری کا رویہ ٹھیک نہیں تھا، فیصل چوہدری کے رویے پر ان کو عدالت لے کر جاوں گی۔حبہ چوہدری کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری جیل سے الیکشن لڑیں گے اور انکی مہم کل سے میں خود شروع کروں گی، فواد چوہدری کے ٹکٹ پر کوئی اور الیکشن نہیں لڑے گا۔