
اسماعیلی کمیونیٹی کے زیر اہتمام لوئر چترال میں ماحولیاتی تحفظ کے لئے شجرکاری مہم کا آغاز
اسماعیلی کمیونیٹی کے زیر اہتمام لوئر چترال میں ماحولیاتی تحفظ کے لئے شجرکاری مہم کا آغاز
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) اسماعیلی کمیونیٹی نے 4 اپریل 2024 کو ماحولیاتی تحفظ کے مقصد سے شجرکاری کی مہم “درخت سے حیات” کاآغاز کیا ہے۔ یہ اقدام اسماعیلی CIVIC کا حصہ ہے، جو ایک عالمی پروگرام ہے۔ اس پروگرام کے تحت دنیا بھر میں شیعہ اسماعیلی مسلم کمیونیٹی جن معاشروں میں وہ رہتے ہیں ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور انسانیت کی خدمت کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ اس سلسلے میں آج ریجنل کونسل لوئر چترال میں ایک پر رونق تقریب کے دوران لوئر چترال میں شجر کاری کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔
اسماعیلی سوک کے مشن ’’درخت سے حیات‘‘ کو تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید علی شاہ، آنریری سکٹریری، آغاخان کونسل برائے لوئر چترال نے کہا کہ اسمیلی Civic پروگرام گزشتہ چار سالوں سے پوری دنیا میں ماحولیات کے تحفظ کے لئے اپنی رضا کاروں کے ساتھ ملکر کام کر رہا ہے جس میں شجرکاری کے علاوہ صفائی اور آگہی کے اقدامات بھی شامل ہیں گزشتہ دو سالوں میں لوئر چترال میں ماحولیات کے تحفظ کے لیے تین لاکھ سیزائد پودے لگائے گئے۔ اور اس سال بھی لوئرچترال ریجن میں ایک لاکھ پودے لگائیں جائیں گے۔ اس مہم کی باقاعدہ آغار کے لئے ہم آج یہاں جمع ہیں۔اسکالر اعجاز آحمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرکا محفل کو پروگرام کے اغراض و مقاصد کے حوالے سے آگاہ کیا۔
افتتاحی تقریب میں کونسل کی قیادت، اسماعیلی والنئیرز، کونسل کے عہدیداروں سمیت بڑی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی۔
تقریب سے بات کرتے ہوئے مہمان خصوصی عزیز الملک نے تقریب سے خظاب کر تے ہوئے کہا کہ میں سب سے پہلے اسماعیلی CIVIC کے زمہ داران کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ Global warming کے سد باب کے لئے پچھلے کئی سالوں سے مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اسما عیلی کونسلات کے ساتھ بحثیت رضا کار اپنا بھر پور تعاون جاری رکھیں گے۔
ماحولیاتی رسک انڈیکس 2020، جرمنی واچ، جو ایک پائیدار ترقی کی وکالت کرنے والا گروپ ہے،کے مطابق، پاکستان اپنے جغرافیائی ماحول کی وجہ سے گذشتہ 20 سالوں میں موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے 10 ممالک میں شامل ہے۔
یہ بین الاقوامی کاوش اسماعیلی مسلم کمیونیٹی کی شہری شمولیت اور ذمہ دار شہری اخلاقیات کی عکاسی کرتی ہے، جو اسلام کی بنیادی خدمت، امن، ہمدردی اور کمزوروں کی دیکھ بھال کے اقدار کی مثال ہیں۔