
اسماعیلی کمیونیٹی کی روحانی پیشوا ہزہائی نس پرنس کریم آغا خان انتقال کر گئے، چترال کے مختلف مکاتب فکر کا اظہار تعزیت و افسوس، چترال کی ترقی میں انکی کردار پر خراج تحسین پیش کیا گیا
اسماعیلی کمیونیٹی کی روحانی پیشوا ہزہائی نس پرنس کریم آغا خان انتقال کر گئے، چترال کے مختلف مکاتب فکر کا اظہار تعزیت و افسوس، چترال کی ترقی میں انکی کردار پر خراج تحسین پیش کیا گیا
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) اسماعیلی کمیونیٹی کے روحانی پیشوا ہزہائی نس پرنس کریم آغا خان اٹھاسی سال کی عمر میں پرتگال میں انتقال کر گئے۔ ہاورڈ یونیورسٹی سے تعلیم یافتہ پرنس کریم آغا خان کو ترقی پذیر ملکوں میں لوگوں کے لیے گھر، اسپتال اور اسکولز بنانے اور فلاحی کاموں کی وجہ سے یاد کیا جاتا ہے۔ وہ بیس سال کی عمر میں دنیا بھر میں لاکھوں کی تعداد میں آباد اسماعیلی کمیونیٹی کے روحانی پیشوا بن گئے تھے۔
آغا خان فاونڈیشن اور اسماعیلی کمیونیٹی کی ویب سائٹ نے اعلان کیا ہے کہ ان کے ہائینیس پرنس کریم الحسینی جو اسماعیلیوں کے اننچاسویں امام تھے، اپنے خاندان والوں کے ساتھ تھے جب ان کا انتقال ہوا۔ آغا خان کو ہز ہائی نیس کا خطاب ملکہ برطانیہ کوئین الزبتھ نے 1957 میں دیا تھا۔
ہزہائی نس پرنس کریم آغا خان کی وفات پر جہاں دوسرے ممالک ، اندرون ملک اور خصوصا شمالی علاقہ جات میں سوگ منایا جارہاہے اسی طرح چترال کے مختلف مکاتب فکر خصوصا اسماعیلی کمیونٹی انتہائی غمزدہ اور افسردہ ہے، اور انتہائی افسوس کا اظہار کیا جارہاہے۔
اپنے تعزیتی پیغامات میں ہزہائی نس کے خاندان اور اسماعیلی کمیونٹی کے ساتھ اظہار تعزیت کا سلسلہ جاری ہے،
چترال کے سابق ایم این اے شہزادہ افتخار الدین نے پرنس کریم آغا خان کی وفات پر انتہائی دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے انکی خاندان اور اسماعیلی کمیونٹی سے اظہار تعزیت کیا ہے اور پاکستان خصوصا چترال اور شمالی علاقہ جات کے لئے انکی خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا ہے۔
چترال کے سابق ضلعی ناظم اور جماعت اسلامی صوبہ خیبرپختونخوا شمالی کے نائب امیر حاجی مغفرت شا ہ نے بدھ کے روز اسماعیلی ریجنل کونسل چترال لوئیر کے دفترکا دورہ کیا جہاں انھوں نے اسماعیلی کمیونٹی سے ہزہائی نس کی وفات پر تعزیت کی اور چترال کے لئے ان کی خدمات پر انھیں خراج تحسین پیش کیا، جس کے ساتھ جماعت اسلامی چترال کے دوسرے رہنمابھی موجود تھے۔
سابق وفاقی وزیر سینیٹر محمد طلحہ محمود نے اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا ہز ہائی نیس پرنس کریم آغا خانؒ کی وفات پر تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ پرنس کریم آغا خانؒ نے ہمیشہ انسانیت کی خدمت کی تعلیم، صحت اور ثقافت کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دیں،
ان کی رہنمائی اور فلسفہ نے لاکھوں افراد کی زندگیوں میں بہتری لائی۔ اللہ تعالیٰ آغا خانؒ کی روح کو سکون دے اور ان کے خاندان، اسماعیلی کمیونٹی کو صبر عطا کرے۔
پاکستان پیپلز پارٹی لویر چترال اسمعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان کی وفات پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انسانیت کے لیے انکی خدمات کی تعریف کی ہے اس موقع پر پارٹی کے ضلعی صدر انجنئیر فضل ربی جان نے کہا ہے کہ پرنس کریم آغا خان کی وفات نہ صرف اسمعیلی کمیونٹی کے لیے سوگ کا باعث ہے بلکہ پوری دنیا میں بسنے والے بے کس اور بے سہارا لوگوں کے لیے بھی ایک اندہناک خبر ہے۔ انسانیت کے لیے انکی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
دریں اثنا ڈپٹی کمشنر اپر چترال حسیب الرحمن خان خلیل نے کہا ہے کہ پرنس کریم آغاخان کے شمالی علاقہ جات/ پاکستان سمیت دنیا بھر میں قائم فلاحی ادارے فلاح انسانیت کے لئے ایک اعلیٰ مثال ہیں۔پرنس کریم آغا خان اپنے زندگی میں پوری انسانیت کے لیے اپس میں بھائے چارے، امن و محبت اور ایک دوسرے کے لئے خد مت کا پیغام دیا۔
پرنس کریم آغا خان کی زندگی ایثار، محبت، اور بے لوث خدمت کی مثال تھی۔ انہوں نے علم، تعلیم، صحت، اور فلاح و بہبود کے چراغ جلائے، اندھیروں میں امید کی کرن بنے، اور ہر لمحہ لوگوں کو اتحاد، برداشت، اور انسانیت کی اعلیٰ اقدار سکھاتے رہے۔ ان کی رہنمائی صرف ان کے اپنے مریدوں کے لیے نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے تھی— انہوں نے ہمیشہ امن، رواداری، اور عزتِ نفس کا پیغام ہر انسان تک پہنچایا۔
ضلعی انتظامیہ اپر چترال پرنس کریم آغا خان کی فلاح انسانیت کے لئے خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان کی اس دار فانی سے رحلت کرنے پر انتہائی دکھ اور افسردگی کا اظہار کرتی ہے۔ ضلعی انتظامیہ اپر چترال پرنس کریم آغا خان کے خاندان اور اپر چترال میں بسنے والے اسماعیلی برادری کے ساتھ ان کے غم میں برابر کے شریک ہے۔
اسی طرح سابق ایم پی اے چترال سید سردار حسین شاہ، سابق تحصیل ناظم چترال سرتاج احمد خان، موجودہ ایم این اے چترال عبد الطیف ، ایم پی اے چترال ٹو اور مہتر چترال شہزادہ فاتح الملک علی ناصر ودیگر نے بھی اپنے الگ الگ تعزیتی پیغامات میں ہزہائی نس پرنس کریم آغا خان کی وفات پر گہرے رنج و غم کااظہار کرتے ہوئے انکی وفات کو عالم اسلام کےلئے بہت بڑا نقصان قرار دیا ہے۔
چترال ٹائمز انتظامیہ بھی پرنس کریم آغا خان کی وفات پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمز دہ خاندان اور دنیا بھر کے اسماعیلی کمیونٹی سے اظہار تعزیت کی ہے اور انسانیت کیلئے ان کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ چترال کی ترقی میں آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے ذیلی اداروں کا کردار کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، جو ہزہائی نس پرنس کریم آغاخان کی وژن اور مشن کا نتیجہ ہے۔ جس کو چترال کے عوام ہمیشہ یادرکھیں گے۔