اسلام آباد: یوٹیلیٹی اسٹورز کے احتجاجی ملازمین کو روکنے کیلئے واٹر کینن ڈی چوک پہنچا دی گئیں
اسلام آباد: یوٹیلیٹی اسٹورز کے احتجاجی ملازمین کو روکنے کیلئے واٹر کینن ڈی چوک پہنچا دی گئیں
اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ملازمین کا یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش کے فیصلے کے خلاف دھرنا تیسرے روز بھی جاری ہے۔یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ملازمین ہیڈکواٹرز سے ڈی چوک پہنچ گئے۔ذرائع کے مطابق ڈی چوک کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ڈی چوک پر قیدی وینز اور واٹر کیننن پہنچا دی گئی ہیں۔یوٹیلٹی اسٹورز کے ملازمین کا کہنا ہے کہ جب تک یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش کا فیصلہ واپس نہیں لیا جاتا احتجاج جاری رہے گا۔واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جولائی کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست، نیپرا میں فیصلہ محفوظ
اسلام آباد(سی ایم لنکس)نیپرا میں جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔چیئرمین نیپرا وسیم مختار نے درخواست پر سماعت کی۔سماعت کے دوران نیپرا حکام نے کہا ہے کہ سی پی پی اے نے جولائی کے لیے فی یونٹ31 پیسے کمی کی تجویز کی ہے۔سی پی پی اے حکام کا کہنا ہے کہ جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سے صارفین کو ساڑھے 4 ارب کا فائدہ ہوگا، صارفین کو ریلیف ستمبر کے بلوں میں ملے گا۔ممبر کے پی نیپرا مقصود انور نے کہا کہ بجلی مہنگی ہے، مہنگی بجلی سے انڈسٹری بند ہو رہی ہے، مہنگی بجلی سے صنعتی ترقی گر گئی ہے۔ممبر سندھ نیپرا رفیق شیخ نے کہا کہ بجلی کے بل گھروں کے کرایوں سے بڑھنے کی خبریں چلتی ہیں، یہ خبریں سن کر ہمارے سر شرم سے جھک جاتے ہیں۔این ٹی ڈی سی کے حکام نے کہا کہ صارف تو 12، 13 میگاواٹ بجلی استعمال کرتا ہے، صارف کو کیپیسٹی 40 ہزار میگاواٹ کی دینا پڑتی ہے۔نیپرا اتھارٹی نے سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا، اتھارٹی جانچ پڑتال کے بعد تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کرے گی۔واضح رہے کہ سی پی پی اے نے بجلی کی قیمتوں میں 31 پیسے کمی کی درخواست کی تھی۔