Chitral Times

Dec 11, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

اسلام آباد پولیس اور معاون فورسزکی مؤثر کارروائی، مظاہرین منتشر،امن و امان بحال، موٹرویز ہائی ویز،داخلی و خارجی راستے کھل گئے,کل سے تعلیمی ادارے کھولنے کے احکامات جاری

شیئر کریں:

اسلام آباد پولیس اور معاون فورسزکی مؤثر کارروائی، مظاہرین منتشر،امن و امان بحال، موٹرویز ہائی ویز،داخلی و خارجی راستے کھل گئے,کل سے تعلیمی ادارے کھولنے کے احکامات جاری

اسلام آباد( چترال ٹائمزرپورٹ)اسلام آباد پولیس نے معاون فورسز، بشمول فرنٹیئر کور، پنجاب رینجرز، اور دیگر اداروں کی مدد سے ڈی چوک تا خیبر پلازہ، بلیو ایریا کے دونوں اطراف کو مظاہرین سے خالی کروا لیا۔حکومت کی مؤثر حکمت عملی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت کارروائی کی بدولت وفاقی دارالحکومت اور جڑواں شہر راولپنڈی میں امن و امان مکمل طور پر بحال ہو گیا ہے۔کارروائی کے بعد اسلام آباد اور راولپنڈی کے تمام داخلی و خارجی راستے کھول دیے گئے ہیں۔ موٹروے ایم-1 (اسلام آباد تا پشاور)، ایم-2 (اسلام آباد تا لاہور)، ایم-3، ایم-4، ایم-5 اور لاہور-سیالکوٹ موٹروے سمیت تمام شاہراہیں ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بحال کر دی گئی ہیں۔ اسی طرح، تمام بڑی ہائی ویز اور فیض آباد انٹرچینج سے بھی کنٹینرز ہٹا دیے گئے ہیں۔مظاہروں کے باعث متاثر ہونے والے تعلیمی ادارے 28 نومبر سے معمول کے مطابق کھل جائیں گے۔ دفاتر میں حاضری مکمل ہو گئی ہے اور انٹرنیٹ سروس بھی بحال کر دی گئی ہے۔

 

وزارت داخلہ نے بیلا روس کے صدر اور ان کے 65 رکنی وفد کی موجودگی کے دوران حکومت نے ریڈ زون کی سکیورٹی پاک فوج کے حوالے کر دی تھی۔ مظاہرین کو قابو میں رکھنے کے لیے اسلام آباد پولیس، ایف سی، پنجاب رینجرز، اور دیگر فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی تھی، جنہوں نے کسی ناخوشگوار واقعے کے بغیر امن و امان قائم رکھا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کلیئر کرائے گئے علاقوں کا دورہ کیا اور فورسز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ شرپسند عناصر کے ناپاک عزائم ناکام ہوئے امن قائم رکھنے والے اداروں کی محنت سے پاکستان کے عوام کی جیت ہوئی ہے۔ انہوں نے فوری صفائی اور رکاوٹیں ہٹانے کے احکامات بھی جاری کیے۔مظاہروں کے باعث معطل کی گئی موبائل اور انٹرنیٹ سروسز میں بتدریج بہتری آ رہی ہے۔ ٹیلی کام کمپنیوں نے وفاقی دارالحکومت اور جڑواں شہروں میں نیٹ ورک کی مکمل بحالی کے لیے اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔انٹرنیٹ کی دستیابی سے کاروباری سرگرمیاں، آن لائن تعلیمی نظام، اور عوامی رابطے دوبارہ بحال ہو گئے ہیں، جس پر شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

 

مظاہرین کے منتشر ہونے کے بعد اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں نے سکون کا سانس لیا۔ بند راستے کھلنے سے روزمرہ کے معمولات بحال ہو گئے ہیں۔ شہریوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حکمت عملی کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔حکومت کی کامیاب حکمت عملی حکومت کی دانشمندانہ حکمت عملی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت کارروائی نے مظاہروں کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کو مکمل قابو میں کر لیا ہے۔ شہریوں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے اور جڑواں شہروں میں زندگی مکمل طور پر معمول پر آ چکی ہے۔

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
96008