اسامہ شہید اکیڈیمی میں چینی اور انگریزی زبان سیکھانے کیلئے کلاسز شروع کئے جارہے ہیں۔۔عبد الاکرم
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) اسسٹنٹ کمشنر چترال عبدالاکرم خان نے کہا ہے کہ اسامہ شہید اکیڈیمی میں کلاس نہم سے لے کر بی اے ، بی ایس سی تک طلباء وطالبات کے لئے اسپیشل ٹیوشن کلاسز اور محکمہ تعلیم میں مختلف کیڈر کی ٹیچنگ اسامیوں میں بھرتی کے لئے این ٹی ایس ٹیسٹ کی تیاری کے سلسلے میں کوچنگ کے ساتھ ساتھ اب علاقے کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے لینگویج اکیڈمی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مقامی میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سی پیک منصوبے کے تناظر میں چینی زبان کی اہمیت اور مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی ضرورت اور مانگ کے پیش نظر چینی اور انگریزی زبان سیکھنے کے لئے بھی کلاسز شروع کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا کی حساسیت اور اہمیت کو سامنے رکھتے ہوئے اکیڈمی انتظامیہ اگلے ہفتے سوشل میڈیا ورکشاپ منعقد کررہی ہے جس میں نوجوان نسل کو سوشل میڈیا کی ذمہ دارانہ استعمال کے حوالے سے آگہی دی جائے گی۔