Chitral Times

Dec 4, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

احساس راشن پروگرام کا آغاز، دو کروڑ خاندان مستفید ہونگے،ثانیہ نشتر

شیئر کریں:

احساس راشن رعایت پروگرام سے شہریوں کو آٹا، گھی، تیل، دالوں و دیگر اشیائے خوردونوش کی خریداری پر رعایت ملے گی، اس پروگرام سے 2 کروڑ خاندان مستفید ہوں گے۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر
تمام ڈپٹی کمشنرز، احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت کریانہ سٹورز کی رجسٹریشن کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائیں۔ ڈاکٹر شہزاد خان بنگش


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) وزیراعظم پاکستان کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے احساس راشن پروگرام سے متعلق اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں چیف ڈیجیٹل آفیسر نیشنل بینک آف پاکستان، سیکرٹری محکمہ صحت، ڈی جی محکمہ صحت، کوآرڈینیٹر ای او سی اور تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سمیت دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے پورے ملک میں احساس راشن رعایت پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے اس پروگرام کے تحت تمام غریب مستحق خاندان ہر مہینے راشن کی خریداری پر ایک ہزار کی رعایت حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ احساس راشن پروگرام سے کروڑوں لوگ مستفید ہونگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام مستحق لوگوں کو آٹا چاول گھی اور دال، آئل اور دیگر اشیاء پر ایک ہزار روپے کی سبسڈی ملے گی۔

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ احساس راشن پروگرام کے تحت دکانداروں کی رجسٹریشن ضروری ہے اس لئے تمام ضلعی افسران متعلقہ اضلاع میں کریانہ سٹورز کی رجسٹریشن کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائیں۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اجلاس کو بتایا کہ اس پروگرام سے مستفید ہونے کے لیے قومی شناخت کارڈ پر رجسٹرڈ فون نمبر درکار ہوگا جو اشیاء کی خریداری سے قبل خاص اسٹورز پر دیا جائے گا جس کے بعد شہری سستے داموں اشیا حاصل کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2 کروڑ رجسٹرڈ خاندانوں میں ہر ماہ ایک ہزار روپے کی سبسڈی فراہم کی جائے گی، یہ رقم ایک ماہ استعمال نہ ہونے پر آئندہ ماہ بھی استعمال کی جاسکے گی۔ ریٹیل اسٹورز جو اس پروگرام میں رجسٹرڈ ہونا چاہتے ہیں ان کی تصدیق کی جائے گی جس کے لیے ان کا بینک اکاؤنٹ درکار ہوگا تاکہ سبسڈی کی رقم وصول کرسکیں۔ انہوں نے بتایا کہ سبسڈی کی رقم میں مالکان کے لئے مراعاتی طور پر مناسب منافع بھی شامل ہوگا تاکہ وہ غرباء کو بخوشی سستی اشیائے خورونوش فراہم کرسکیں گے۔

مزید براں کورونا ویکسینیشن سے متعلق چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر شہزاد بنگش نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ویکسینیشن مہم میں تیزی لانے کیلئے ڈیلی ویجرز کی بھرتیوں میں تیزی لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دوران ووٹ ڈالنے کے بعد نکلتے وقت ووٹرز کی ویکسینیش کیلئے متعلقہ جگہوں پر ویکسینیشن سنٹرز بنائے جائیں۔ ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے تمام ضلعی افسران کو بتایا کہ شنگل شاٹ کینسینو اور پاک ویک ویکسین وافر مقدار میں موجود ہیں اس لئے جن لوگوں نے ویکسین نہیں لگوائیں اب وہ یہ ویکسین لگوا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کال سنٹرز کے ذریعے عوام کو ویکسین کی پہلی اور دوسری خوراک سے متعلق آگاہ کیا جائے۔چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے کہا کہ ویکسینیشن مہم کی کامیابی کیلئے صوبے بھر کے لائن ڈیپارٹمنٹس ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی اس ضمن میں تعاون نہیں کرتا اس کے خلاف ایکشن لیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن ویکسینیٹرز کی ٹریننگ مکمل چکی ہے، وہ تمام ویکسینیشن مہم کی ٹیموں میں شامل کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویکسینیشن مہم کی کامیابی کیلئے مائکرو پلان بھی وضع کیا جائیگا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
55871